0
Tuesday 6 Oct 2020 20:23

بلوچستان اور سندھ کے جزائر کی مالک وفاقی حکومت ہوگی، صدارتی آرڈیننس

بلوچستان اور سندھ کے جزائر کی مالک وفاقی حکومت ہوگی، صدارتی آرڈیننس
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت نے جزائر سے متعلق آرڈیننس 2 ستمبر 2020ء کو جاری کیا۔  بلوچستان اور سندھ کے جزائر کی مالک وفاقی حکومت ہوگی۔ بنڈال اور بڈو سمیت تمام جزائر کی مالک وفاقی حکومت ہوگی۔ ٹیریٹوریل واٹرز اینڈ میری ٹائم زونز ایکٹ 1976ء کے زیرانتظام ساحلی علاقے بھی وفاق کی ملکیت ہونگے۔ حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے پاکستان آئی لینڈز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی قائم کرے گی۔ اتھارٹی منقولہ اور غیرمنقولہ جائیداد کا قبضہ حاصل کرنے کی مجاز ہوگی۔ اتھارٹی کا ہیڈ کوارٹرز کراچی میں ہو گا، علاقائی دفاتر دیگر مقامات پر قائم ہو سکیں گے۔ اتھارٹی غیر منقولہ جائیداد پر تمام لیویز، ٹیکس، ڈیوٹیاں، فیس اور ٹرانسفر چارجز لینے کی مجاز ہو گی۔ وزیراعظم اتھارٹی کا پیٹرن ہوگا جو کارکردگی کے جائزے سمیت پالیسی ہدایات جاری کرے گا. حکومت چیئرمین سمیت 5 سے 11 ارکان پر مشتمل 5 سال کیلئے پالیسی بورڈ تشکیل دے گی۔

آرڈیننس میں مزید کہا گیا کہ حکومت گریڈ 22 یا مساوی حاضر یا ریٹائرڈ افسر کو اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کرے گی۔ آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے کے مساوی حاضر یا ریٹائرڈ افسر بھی چیئرمین تعینات ہو سکیں گے۔ چیئرمین کے عہدے کی مدت چار سال ہوگی جس میں ایک بار توسیع ہو سکے گی۔ پیٹرن، اتھارٹی، چیئرمین، ممبر یا کسی بھی عہدیدار یا ملازم کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہو سکےگی. اسی طرح آرڈیننس کے متن میں کہا گیا کہ اتھارٹی ایک یا زیادہ رجسٹرار مقرر کر سکے گی. رجسٹرار کو سول کورٹ کا اختیارہو گا جو کسی فرد یا دستاویزات کی طلبی کا مجاز ہوگا. اتھارٹی کے زیرانتظام ایک فنڈ بھی قائم کیا جا سکے گا۔ اتھارٹی کو دس سال کیلئے آمدنی، منافع اور وصولیوں پر ٹیکسوں کی چھوٹ ہو گی۔ آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 6  ماہ سے 7 سال تک قید اور جرمانہ کی سزائیں بھی دی جا سکیں گی۔
 
خبر کا کوڈ : 890524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش