1
Tuesday 6 Oct 2020 23:06

عراق، الانبار میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، داعش کے 10 ٹھکانے تباہ 6 دہشتگرد ہلاک

عراق، الانبار میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، داعش کے 10 ٹھکانے تباہ 6 دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ عراقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ ملکی سکیورٹی فورسز نے صوبہ الانبار میں ایک بڑا آپریشن انجام دیا ہے جس میں بین الاقوامی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم داعش کے 6 خفیہ ٹھکانوں، 2 زیر زمین سرنگوں اور اسلحے کے 2 گوداموں کو تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ اس کارروائی میں داعش کے 6 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ عرب ای مجلے موازین نیوز کے مطابق عراقی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عراقی مشترکہ کمانڈ سنٹر نے صوبہ الانبار میں واقع وادی حوران کے شمالی علاقوں اور الثرثار جھیل کے جنوبی علاقوں کے اندر حشد الشعبی کی مدد سے دہشتگردوں کے خلاف ایک وسیع آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عراقی سکیورٹی فورسز نے اس کارروائی کے دوران داعش کی 6 خفیہ پناہگاہوں اور اسلحے کے 2 گوداموں کو تباہ کر دیا ہے جہاں بظاہر موٹرسائیکلوں کی ورکشاپیں اور گاڑیوں کا کباڑخانہ بنایا گیا تھا۔ عراقی وزارت داخلہ کے مطابق مذکورہ بالا مقامات کو دہشتگردوں کی جانب سے گاڑیوں کے اندر بم نصب کرنے سمیت متعدد دہشتگردانہ مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا تھا جبکہ اسی علاقے میں دہشتگردوں کی جانب سے خفیہ نقل و حمل کے لئے کھودی گئی 2 زیرزمین سرنگیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔ عراقی مشترکہ کمانڈ سنٹر کے مطابق اس کارروائی میں داعش کے 6 انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے ہیں جن کے ساتھ صوبہ الانبار کے شمال میں واقع الصکار نامی صحرائی علاقے کے اندر عراقی سکیورٹی فورسز کی جھڑپ ہوئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 890553
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش