QR CodeQR Code

خطرات کے مؤثر جواب کیلئے ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

7 Oct 2020 00:46

جنرل قمر جاوید باجوہ نے گلگت میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ مرکز آئی ٹی اور ڈیفنس کمیونی کیشن میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس مرکز سے علاقے میں سائبر انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا۔


اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دوردراز علاقوں میں آئی ٹی مراکز نئی دریافتوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے گلگت اور اسکردو کے دورے کے موقع پر کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اسکردو پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے جنرل باجوہ کا استقبال کیا، جس کے بعد آرمی چیف کو ایل او سی پر ایف سی این اے کے جوانوں کی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا، جس پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے افسران و جوانوں کے عزم کو سراہا۔

آرمی چیف نے شدید موسمی حالات اور چیلنجز میں جوانوں کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خطرات کے مؤثر جواب کیلئے ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے گلگت میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ مرکز آئی ٹی اور ڈیفنس کمیونی کیشن میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس مرکز سے علاقے میں سائبر انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں آئی ٹی مراکز نئی دریافتوں کی حوصلہ افزائی کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 890568

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/890568/خطرات-کے-مؤثر-جواب-کیلئے-ہمہ-وقت-چوکنا-رہنے-کی-ضرورت-ہے-ا-رمی-چیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org