0
Friday 9 Oct 2020 15:45

ايم کيو ايم اور پيپلز پارٹی مل کر سندھ مہاجر فساد کروانا چاہتے ہيں، مصطفیٰ کمال

ايم کيو ايم اور پيپلز پارٹی مل کر سندھ مہاجر فساد کروانا چاہتے ہيں، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کو بھی گرانا چاہتی ہے اور مزے بھی پورے لينے ہيں، اپوزيشن کے بيک ڈور رابطے بھی ہوتے رہتے ہيں۔ جمعہ کو کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت اقتدار بچانے ميں لگي ہے، ملک اس وقت خود بخود چل رہا ہے۔ سربراہ پی ايس پی نے کہا کہ پيپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کا کيا حال کيا ہوا ہے، اس بارے میں کیا نواز شريف نے پيپلز پارٹي سے پوچھا نہيں، پی پی کے پليٹ فارم سے جمہوريت کی بات کررہے تھے۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سے متعلق مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پيپلز پارٹی 12 سال سے اقتدار ميں ہے مگر بتانے کو کچھ نہيں ہے، ايم کيو ايم نے مہاجروں کو نئے صوبے کا چورن بيچ ديا ہے۔ سربراہ پی ايس پی نے کہا کہ آئينی طور پر صوبہ بن نہيں سکتا، کيسے بناؤ گے کيا لڑو گے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ايم کيو ايم کے نعرے کا سب سے زيادہ فائدہ پيپلز پارٹی کو ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ ہماری کرپشن بھول جاؤ، آؤ دھرتی ماں کو بچاتے ہيں۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ابھی ايم کيو ايم کو وزارتيں دو، ايک دوسرے کو اجرک ٹوپياں پہنا رہے ہوں گے۔ مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ايم کيو ايم اور پيپلز پارٹی مل کر سندھ مہاجر فساد کروانا چاہتے ہيں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی میں گرين لائن کو بنے وقت گزر گيا مگر بسيں نہيں ہيں، ڈيزائن کی خرابی کا بہانہ بناکر 2 سال تک کے فور منصوبہ روکا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر اپوزیشن مخلص ہے تو حکومت ايک گھنٹے ميں ختم ہوجائےگی، اسمبليوں سے استعفیٰ ديں، حکومت ختم ہوجائے گی۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ حکومت يا اپوزيشن، کوئی بھی اس ملک سے مخلص نہيں ہے، اداروں کيخلاف باتيں کرنا ملک کيخلاف سازش ہے، سب اپنی غلطيوں کو تسليم کرکے ايک ميز پر نيا معاہدہ کريں اور اختيارات وزيراعظم اور وزيراعلیٰ ہاؤس سے نکال کر گليوں تک لائیں۔
خبر کا کوڈ : 891055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش