کراچی:
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی اور سربراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ماہ مبارک رمضان کے آغاز پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان خود احتسابی کا عظیم درس دیتا ہے۔ صرف بھوکا پیاسا رہ کر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے۔ معاشرے کے پسے اور مفلوک الحال طبقات کو زندگی کی مشکلات سے نجات دلانے کی کوشش کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصد میں سے اہم ترین ہے۔ اسلام لوگوں کی مدد کرنے اور مواخات کے عظیم رویوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے۔ معاشرے سے غربت، افلاس، بھوک، بدامنی، انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور بہترین کوشش کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ اسلام ایمان اور احسان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مسلمان سے مومن اور مومن سے محسن بننے کیلئے ریاضت کا آغاز کرنے کیلئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔