0
Saturday 10 Oct 2020 20:52

کراچی میں فائرنگ، جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان ڈرائیور سمیت قتل

کراچی میں فائرنگ، جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان ڈرائیور سمیت قتل
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم اور دارالعلوم کراچی کے استاد مولانا عادل خان ڈرائیور سمیت قتل کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں شمع شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس سے گاڑی میں موجود دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، مقتولین کی شناخت جامعہ فاروقیہ کے مہتمم اور دارالعلوم کراچی کے استاد مولانا عادل خان اور انکے ڈرائیور مقصود کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق مولانا ڈاکٹر عادل خان ڈبل کیبن ویگو گاڑی میں شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں موجود تھے کہ ان کی گاڑی پر مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، انہیں فوری طور پر اسپتال روانہ کیا گیا۔ مولانا عادل خان دارالعلوم کراچی سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے، راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔

لیاقت نیشنل اسپتال ذرائع کے مطابق مولانا عادل خان اسپتال لائے جانے کے دوران انتقال کرچکے تھے۔ اسپتال ترجمان کے مطابق مولانا عادل خان کو دو گولیاں لگیں۔ جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں قتل ہونے والے مقصود نامی شخص کی میت جناح اسپتال کی ایمرجنسی پہنچائی گئی ہے۔ ڈاکٹر عادل خان جامعہ فاروقیہ شاہ فیز ٹو کے مہتمم، وفاق المدارس العریبیہ کے مرکزی عہدیدار اور مولانا سلیم اللہ خان کے صاحبزادے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، قریبی دکانوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول ملے ہیں، جنہیں فارنزک کیلئے لیب بھجوایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شاہ فیصل کالونی میں مولانا عادل خان کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
خبر کا کوڈ : 891314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش