QR CodeQR Code

ماہر الاخرس کی بھوک ہڑتال

فلسطین کا متحدہ مزاحمتی محاذ دشمن کی کسی بھی حماقت کا بھرپور جواب دیگا، ابو مجاہد

11 Oct 2020 23:59

فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان ابومجاہد نے عرب نیوز چینل المیادین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اگر اس فلسطینی قیدی کو آزاد نہ کیا گیا تو مزاحمتی محاذ وسیع راکٹ حملوں کے ذریعے اس بہیمانہ اقدام کا جواب دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان ابومجاہد نے عرب نیوز چینل المیادین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ متحدہ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے غاصب صیہونی دشمن کی جانب سے سرزد ہونے والی کسی بھی حماقت کا بھرپور جواب دینے کی ٹھان لی ہے۔ ابومجاہد نے اپنی گفتگو میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جیل میں قید ماہر الاخرس کو اگر کوئی نقصان پہنچایا گیا تو متحدہ مزاحمتی محاذ اس کا بھرپور جواب دے گا جبکہ فلسطین کا متحدہ مزاحمتی محاذ اس کام کے لئے بالکل تیار ہے۔ ابو مجاہد نے اس فلسطینی قیدی کی رہائی کے لئے تمام فریقوں کو ارسال کئے خطوط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس فلسطینی قیدی کو آزاد نہ کیا گیا تو مزاحمتی محاذ وسیع راکٹ حملوں کے ساتھ اس بہیمانہ اقدام کا جواب دے گا۔

فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وقت گزرتا جا رہا ہے تاہم مزاحمتی محاذ اپنی خاموشی کو ہرگز طولانی نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ماہر الاخرس کے مسئلے میں کوئی پیشرفت حاصل نہیں ہوئی کہا کہ ماہر الاخرس تاحال موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے جبکہ ہر فلسطینی قیدی کے حقوق کا دفاع ہماری ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جانب سے 27 جولائی 2020ء کے روز فلسطینی شہری ماہر الاخرس کو بغیر کسی الزام کے گرفتار کر لیا گیا تھا جس پر ماہر الاخرس کی جانب سے بھوک ہڑتال شروع کر دی گئی تھی جس کو اب 70 روز سے زائد کا وقت ہونے کو ہے۔


خبر کا کوڈ: 891500

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/891500/فلسطین-کا-متحدہ-مزاحمتی-محاذ-دشمن-کی-کسی-بھی-حماقت-بھرپور-جواب-دیگا-ابو-مجاہد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org