0
Tuesday 13 Oct 2020 00:39
ماہر الاخرس کی بھوک ہڑتال

78 دن کی بھوک ہڑتال کیبعد بھی صیہونی عدالت کا بیگناہ فلسطینی قیدی کو چھوڑنے سے انکار

78 دن کی بھوک ہڑتال کیبعد بھی صیہونی عدالت کا بیگناہ فلسطینی قیدی کو چھوڑنے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی فوج کی جانب سے بغیر کسی الزام کے قید کئے جانے والے فلسطینی قیدی ماہر الاخرس نے اپنی بلاوجہ گرفتاری پر بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے جس کو آج 78 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جانب سے 2 ماہ قبل بلاوجہ قید کئے گئے بیگناہ فلسطینی قیدی ماہر الاخرس کے حوالے سے آج پہلی مرتبہ عدالت تشکیل دی گئی جس نے ماہر الاخرس کی جانب سے 78 روز کی بھوک ہڑتال کے باوجود اس کی فوری رہائی کی مخالفت کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ماہر الاخرس کی انتظامی حراست میں مزید توسیع نہ کی جائے اور اسے 26 نومبر کے روز آزاد کر دیا جائے تاہم ماہر الاخرس نے اس حکم کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مکمل آزادی تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔

دوسری طرف قیدیوں کے حقوق سے متعلق متعدد عالمی تنظیموں نے اس حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہر الاخرس  "دھیمی موت" سے روبرو ہے جبکہ پڑنے والے تشنج کے مسلسل دورے، گاہ بگاہ طاری ہونے والی بیہوشی اور پورے بدن میں درد کے باعث اسے موت کا خطرہ لاحق ہے جس کے دوران اس کے جسم کے بعض اعضاء یکے بعد دیگرے کام کرنا چھوڑ جائیں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ چند دنوں سے فلسطینی اجتماعی کارکنوں کی جانب سے بھی ماہر الاخرس کی آزادی کے لئے ریڈ کراس کے مرکزی دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی طرح فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ماہر الاخرس کو پہنچنے والے کسی بھی قسم کے نقصان کا پورا ذمہ دار غاصب صیہونی رژیم کو ٹھہراتے ہوئِے کہا گیا ہے کہ اگر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیل میں گرفتار فلسطینی قیدیوں کی مدد سے عاجز ہیں تو ہم فلسطینی قوم انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں گے جبکہ اس حوالے سے قابض قوتوں کو بھرپور جواب دینے کے لئے فلسطینی مزاحمتی محاذ بالکل تیار ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین نے بھی اعلان کرتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم کو خبردار کیا ہے کہ اگر ماہر الاخرس کو کوئی نقصان پہنچا تو فلسطینی مزاحمتی محاذ پورے اسرائیل کو اپنے راکٹوں کے نشانے پر لے لے گا۔
خبر کا کوڈ : 891710
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش