0
Tuesday 13 Oct 2020 11:52

قلعہ عبداللہ، 8 سالہ بچے کو ریپ کے بعد قتل کرنے والے ملزمان گرفتار

قلعہ عبداللہ، 8 سالہ بچے کو ریپ کے بعد قتل کرنے والے ملزمان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں 8 سالہ بچے کو ریپ کے بعد قتل کر کے اس کی لاش درخت سے لٹکانے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ضلعی اسسٹنٹ کمشنر جہانزیب شیخ نے بتایا کہ اتوار کے روز متاثرہ بچے کے پڑوسی یحیٰی کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا جس نے نہ صرف جرم کا اعتراف کیا بلکہ دوسرے ملزم کی بھی نشاندہی کی تھی۔ ملزم کی نشاندہی پر پیر کے روز لیویز نے قلعہ عبداللہ کے علاقے میزائی اڈا میں کارروائی کر کے جعفر نامی ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا تاہم جعفر نے ابھی تک جرم کا اعتراف نہیں کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قلعہ عبداللہ کے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دونوں ملزمان کو جائے وقوع پر لے جایا گیا جہاں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ 8 سالہ بچے انعام اللہ کو یہاں لایا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے بچے کا ریپ کیا اور لاش درخت سے لٹکا دی تاکہ لوگ اسے خودکشی سمجھیں، دونوں ملزمان کے خلاف تفتیش ابھی جاری ہے۔ دوسری جانب بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل نے متعلقہ حکام کو بچے کے ریپ کے بعد قتل سے متعلق رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا۔ رپورٹ کے مطابق ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عبدالحمید بلوچ نے متاثرہ بچے کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے کیس کی درست طور پر تفتیش اور مجرمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لانے کی استدعا کی تھی۔ چیف جسٹس نے بلوچستان ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو بچوں کے استحصال سے متعلق زیر التوا کیسز کے اعداد و شمار مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

کوئٹہ کے کمشنر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور قلعہ عبداللہ کے ڈپٹی کمشنر نے عدالت میں پیش ہو کر ریپ کے بعد قتل کیس کی تفتیش میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو 8 سالہ انعام اللہ کی تلاش اس وقت شروع کی گئی تھی جب وہ وقتی طور پر مدرسے سے نکلا تھا لیکن واپس نہ مدرسے آیا نہ ہی گھر گیا۔ بعدازاں بچے کی درخت پر لٹکی لاش ملی، جس کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرکے ان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ نے بتایا تھا کہ کہ بچے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ 2 افراد نے اس کا جنسی استحصال کیا۔
 
خبر کا کوڈ : 891775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش