QR CodeQR Code

پتھر کھانے پڑے تو بھی کھا لیں گے اور لاٹھی چارج کیلئے بھی تیار ہیں، شاہد خاقان عباسی

13 Oct 2020 12:06

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جلسوں سے روکا کس نے تھا جو یہ لوگ اجازت کی بات کرتے ہیں، لانگ مارچ، جلسے اور ریلیاں حکومت پردباؤ بڑھانے کے حربے ہیں، ضرورت پڑی تو نواز شریف بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پتھرکھانے پڑے توبھی کھا لیں گے اور لاٹھی چارج کیلئے بھی تیار ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جلسوں سے روکا کس نے تھا جو یہ لوگ اجازت کی بات کرتے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ لانگ مارچ، جلسے اور ریلیاں حکومت پردباؤ بڑھانے کے حربے ہیں، ضرورت پڑی تو نواز شریف بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کئی ماہ تک ڈی چوک پر غیرقانونی بیٹھے رہے، میں نہیں سمجھتا کہ جنوری تک سلسلہ آگے جائے گا، حکومت ناکام ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کےلیے ہرلمحہ بھاری ہے اور ہم نے انہیں بہت وقت دیا ہے، نومبر دسمبر تک ہم اپنا کام دکھا دیں گے۔

انہوں نے کہا اس سے پہلے کہ عوام ان کو نکالیں، انہیں خود سیاسی طریقے سے اپناراستہ بنانا چاہیے، لوگ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور اب وہ حکومت کووقت دینے کےلیے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ایک بار بھی مہنگائی کی بات نہیں کی، ٹائیگر فورس مہنگائی کے خلاف کیا کرے گی؟، یہ لوگ معاملات کو سیاسی رنگ دے کر تباہ کردیں گے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے بات کرنا بے مقصد ہے، 2سال ہوگئے حکومت کسی ایک معاملے پر فیصلہ نہیں کرپائی، وزیراعظم نے وکلا کی تقریب میں کوئی کامکی بات نہیں کی اور سرکاری اخراجات پر پارٹی کنونشن کا انعقاد نہیں کیا جاسکتا۔ لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ یہاں اسرائیل کوتسلیم کرنے کےلیے لائن لگی ہے۔


خبر کا کوڈ: 891778

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/891778/پتھر-کھانے-پڑے-بھی-کھا-لیں-گے-اور-لاٹھی-چارج-کیلئے-تیار-ہیں-شاہد-خاقان-عباسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org