QR CodeQR Code

کرونا کی آڑ میں میلادالنبی کے جلوسوں پر پابندی برداشت نہیں کریں گے، مرزا ارشدالقادری

13 Oct 2020 20:15

متحدہ میلاد کونسل کے صدر کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جلوس ہائے میلاد کے تحفظ اور فروغ کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، سرکاری انتظامیہ میلاد کے جلوسوں کے انتظامات بہتر سے بہتر کرنے کیلئے فنڈز مخصوص کرے۔


اسلام ٹائمز۔  متحدہ میلاد کونسل کے صدر مرزا ارشدالقادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کرونا کی آڑ میں میلادالنبی کے جلوسوں پر کسی قسم کی پابندی لگانے کی کوشش کی گئی تو برداشت نہیں کریں گے۔ کچھ شرپسند عناصر ماہ ربیع الاول کے موقع پر لاک ڈاون کیلئے سازش کررہے ہیں، ان کی مذموم سازشوں سے امن وامان کی کاوشوں کو نقصان پہنچے گا، عشاقان رسول ہمیشہ سے امن کے داعی رہے ہیں اور ماہ ربیع الاول میں جلوس ہائے میلاد کے زریعے اسلام کے پیغام امن و سلامتی کو عام کرتے ہیں۔ فروغ میلاد اور جلوس ہائے میلاد کا تحفظ ہمارا مشن ہے جس کیلئے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں۔ متحدہ میلاد میں کونسل میں جوق درجوق تنظیمات اور شخصیات کی شمولیت اس کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ امسال متحدہ میلاد کونسل کے پلیٹ فارم سے نکالے جانیوالے جلوس ہائے میلاد کو عظمت صحابہ و اہل بیت سے منسوب کیا جائے گا۔کوئی بھی کلمہ گو مقدس ہستیوں کی توہین برداشت نہیں کرسکتا۔ ناموس رسالت اور ناموس صحابہ واہلبیت ہمارے ایمان کا حصہ ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال متحدہ میلاد کونسل کے پلیٹ فارم سے شہر بھر میں دو درجن سے زائد جلوس ہائے میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہم جلوس ہائے میلاد کے مسائل کو حل کروانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ سرکاری انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ میلادالنبی کے جلوسوں کے بہترین انتظامات کیلئے سرکاری سطح پر فنڈز مخصوص کریں تاکہ تمام جلوسوں کے روٹس اور دیگر مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے۔ اجلاس میں متحدہ میلاد کونسل میں شمولیت اختیار کرنے والے علما کرام کو خوش آمدید بھی کہا گیا۔


خبر کا کوڈ: 891879

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/891879/کرونا-کی-آڑ-میں-میلادالنبی-کے-جلوسوں-پر-پابندی-برداشت-نہیں-کریں-گے-مرزا-ارشدالقادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org