QR CodeQR Code

انتہاء پسندی کو مل کر شکست دینا ہوگی، علامہ احمد اقبال رضوی

14 Oct 2020 10:51

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یہ بات سو فیصد درست ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کا ملوث ہونا سو فیصد حقیقت ہے، لیکن عالمی ذرائع ابلاغ کیجانب سے کیے جانیوالے اس انکشاف سے بھی آنکھیں نہیں چرائی جا سکتیں کہ وطن عزیز میں فرقہ واریت پھیلانے کیلئے سو ملین ڈالر تقسیم کیے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جسے کمزور کرنے کیلئے یہود و نصاریٰ اور عالمی استکباری قوتیں پوری قوت کیساتھ سرگرم ہیں۔ پاکستان کے پُرامن ماحول کو فرقہ واریت کے ذریعہ خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ معروف عالم دین مولانا عادل خان کا قتل ان ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے جو پاکستان کے امن و سلامتی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سو فیصد درست ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کا ملوث ہونا سو فیصد حقیقت ہے، لیکن عالمی ذرائع ابلاغ کی جانب سے کیے جانیوالے اس انکشاف سے بھی آنکھیں نہیں چرائی جا سکتیں کہ وطن عزیز میں فرقہ واریت پھیلانے کیلئے سو ملین ڈالر تقسیم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کو کمزور کرنے کا دشمنوں کے پاس سب سے آسان حل بھائی کو بھائی سے لڑانا ہے۔ شیعہ سنی وحدت کا عملی اظہار کرکے ہم نے دشمن کی اس چال کو ناکام بنانا ہے۔ بیگناہ انسانی جان کا ضیاع ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جس کی کوئی بھی باشعور حمایت نہیں کرسکتا۔ گذشتہ تین دہائیوں کے دوران ستر ہزار سے زائد افراد انتہاء پسندی کی بھینٹ چڑھ گئے لیکن اس کا الزام کبھی بھی کسی مسلک پر نہیں لگا، کیونکہ کسی بھی مسلک میں قتل ایک حرام فعل ہے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام تکفیریت اور دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں، ہم سب نے مل کر انتہاء پسندی سے لڑنا اور اسے شکست دینی ہے۔


خبر کا کوڈ: 891953

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/891953/انتہاء-پسندی-کو-مل-کر-شکست-دینا-ہوگی-علامہ-احمد-اقبال-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org