QR CodeQR Code

غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں گذشتہ 1 ماہ میں 32 خواتین و بچوں سمیت 341 فلسطینی گرفتار

14 Oct 2020 22:14

اسوقت غاصب صیہونی رژیم کی مختلف جیلوں میں موجود فلسطینی قیدیوں کی کل تعداد تقریبا 4 ہزار 400 نفر ہے جنمیں 39 خواتین اور 155 بچے بھی شامل ہیں جبکہ ان قیدیوں میں 350 ایسے بھی ہیں جن پر تاحال کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی قیدیوں کے دیکھ بھال کی ایک تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ ماہ ستمبر کے دوران غاصب صیہونی رژیم نے 32 فلسطینی بچوں و خواتین سمیت کل 341 فلسطینی شہریوں کو مختلف الزامات کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ ترک خبررساں ایجنسی ایناڈولو کے مطابق فلسطینی پریزنر کلب، فلسطینی قیدیوں کے مسائل اور انسانی حقوق کی این جی او "الضمیر" اور فلسطینی تحریک آزادی (PLO) کے ساتھ وابستہ قیدیوں کی دیکھ بھال کی تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والی ایک مشترکہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے گذشتہ ماہ کے دوران فلسطینی شہر قدس شریف سے 117، جنوبی صوبے الخلیل سے 80، صوبہ رام اللہ سے 25، غزہ کی پٹی سے 15 اور مغربی کنارے کے دوسرے حصوں سے 115 بیگناہ فلسطینی شہریوں کو بےبنیاد الزامات کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت غاصب صیہونی رژیم کی مختلف جیلوں میں موجود فلسطینی قیدیوں کی کل تعداد تقریبا 4 ہزار 400 نفر ہے جن میں 39 خواتین اور 155 بچے بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ان قیدیوں میں 350 ایسے بھی ہیں جن پر تاحال کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 892067

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892067/غاصب-صیہونی-رژیم-کے-ہاتھوں-گذشتہ-1-ماہ-میں-32-خواتین-بچوں-سمیت-341-فلسطینی-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org