0
Wednesday 3 Aug 2011 20:36

امریکہ پاکستان کو مکمل تباہی سے دوچار کرنے کے منصوبوں کی تکمیل کر رہا ہے، منور حسن

امریکہ پاکستان کو مکمل تباہی سے دوچار کرنے کے منصوبوں کی تکمیل کر رہا ہے، منور حسن
 لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ کراچی اور کوئٹہ جل رہے ہیں، لیکن حکمرانوں کو جوڑ توڑ اور کرپشن و کمیشن کی سیاست سے فرصت نہیں ہے۔ اپنی بالادستی قائم رکھنے کے لیے معصوم عوام کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ حکومت مخلص ہو اور امن کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تو حالات درست ہو سکتے ہیں۔ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے۔ عوام جسے جھولیاں بھر کے بددعائیں دیتے ہیں، اسے ہی ووٹ دیتے ہیں۔ کرپٹ عناصر کو ووٹ دینے کا رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔ ووٹ کے ذریعے معیشت میں تبدیلی نہ آئی تو انتخابات کے چند ماہ بعد عوامی انقلاب برپا ہو کر رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے دو ہفتے کے دورے سے واپسی کے بعد منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکی غلامی کرپٹ حکمران تباہی کا اصل سبب ہیں۔ ملک میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ، خونریزی، ڈرون حملوں اور لاپتہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام کے لیے جینا محال ہو گیا ہے، لیکن حکمران امریکی غلامی کے نشے میں بدمست ہیں۔
انہوں نے کہا امریکہ پاکستان کو مکمل تباہی سے دوچار کرنے کے منصوبوں کی تکمیل کر رہا ہے، لیکن حکمران اس کے سامنے مزید بچھے چلے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے نہتے عوام نے ایک اور سپر پاور کو عبرتناک شکست سے دوچار کر کے امریکی خدائی کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ اب پاکستانی عوام کو بھی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے امریکی تسلط اور غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ سید منور حسن نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن سے محبت میں سرشار ہیں اور بیرون ملک محنت کے ساتھ ساتھ ملک بچانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے فکر مند ہیں۔
خبر کا کوڈ : 89215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش