QR CodeQR Code

مارٹن گریفٹس کا امن منصوبہ سراسر دھوکہ ہے، ہم اسے مسترد کرتے ہیں، صنعاء

15 Oct 2020 20:41

عرب اخبار "الاخبار" کیمطابق صنعاء کیجانب سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مارٹن گریفٹس کیطرف سے پیش کردہ امن منصوبے کے نئے مسودے کو مسترد کرتی ہے کیونکہ یہ منصوبہ ایک "سیاسی دھوکہ دہی" ہے جو یمنی مسلح افواج و عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کی پیشقدمی کو روکنے کے لئے استعمال کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عرب اخبار "الاخبار" کے اندر انصاراللہ یمن کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے "مارٹن گریفیٹس" کے سیزفائر منصوبے کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا ہے۔ الاخبار نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ صنعاء کی حکومت نے مارٹن گریفیٹس کے امن منصوبے کو "دھوکہ دہی پر مبنی ایک سیاسی چال" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض نے مستعفی یمنی حکومت کو حکم دے رکھا ہے کہ وہ بظاہر اس منصوبے کی مخالفت کرے تاہم درحقیقت اس کے پاس اسے قبول کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ صنعاء کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مارٹن گریفٹس کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبے کے نئے مسودے (جس میں تاحال 4 مرتبہ ردوبدل کیا جا چکا ہے) کو مسترد کرتی ہے کیونکہ یہ منصوبہ ایک "سیاسی دھوکہ دہی" ہے جو یمنی مسلح افواج و عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کی پیشقدمی کو روکنے کے لئے استعمال کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مارٹن گریفیٹس کی جانب سے پیش کیا گیا امن منصوبہ یمن کے اندر جنگ کے خاتمے کا ضامن نہیں بن سکتا کیونکہ اگر یہ منصوبہ وسیع جنگ بندی برقرار کرنے اور صنعاء کی معیشت کو بہتر بنانے میں کامیاب ہو بھی جائے تو یہ ایک عارضی حل ہو گا جس کے ذریعے یمنی عوام کے تمام مسائل حل نہیں کئے جا سکتے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس امن منصوبے کا بھیانک پہلو یہ ہے کہ اس میں جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے یمن کے شدید ترین محاصرے کو ختم کرنے کا کوئی رستہ نہیں دکھایا گیا جس کے باعث اس معاہدے کے طے پا جانے کے بعد نہ صرف پورے کا پورا یمن بلکہ امن و امان برقرار رکھنے یا جنگ چھیڑنے کا اختیار بھی سعودی عرب کے ہاتھ میں چلا جائے گا۔ الاخبار کا لکھنا ہے کہ یمن کی مستعفی حکومت کی جانب سے مارٹن گریفیٹس کا منصوبہ اس لئے مسترد کیا جا رہا ہے کہ کیونکہ وہ صنعاء کی بین الاقوامی ایئرپورٹ پر اپنا کنٹرول واپس لینا چاہتی ہے جبکہ اس کا مطالبہ ہے کہ اس ہوائی اڈے پر سال 2014ء سے قبل کام کرنے والے عملے کو دوبارہ تعینات کر دیا جائے۔

الاخبار نے لکھا ہے کہ یمن کے مرکزی صوبے اور سابق و مستعفی یمنی حکومت کے گڑھ "مأرب" میں یمنی مسلح افواج و عوامی مزاحمتی فورسز کی وسیع پیشقدمی نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی وسیع ہلچل کا باعث بنی ہے جس کا ایک نمونہ مارٹن گریفٹس کے امن منصوبے کا چوتھا مسودہ ہے۔ واضح رہے کہ یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی جانب سے پیش کئے جانے والے امن منصوبے میں گذشتہ 1 سال کے دوران کم از کم 4 مرتبہ ترمیم کی گئی ہے۔ مارٹن گریفٹس کا پیش کردہ امن منصوبہ جسے "مشترکہ بیان کا مسودہ" بھی کہا جاتا ہے، یمن کے اندر وسیع جنگ بندی، انسانی امدادی کارروائیوں کی بحالی، صنعاء ایئرپورٹ کے دوبارہ آپریشنل بنائے جانے، سمندر میں پھنسے تیل بردار بحری جہاز "صافر" کے حل، انصاراللہ حکومت کے زیرکنٹرول علاقوں میں ایندھن کی ترسیل اور سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی سمیت متعدد اقتصادی اصلاحات پر مشتمل ہے جبکہ مارٹن گریفٹس اس وقت ریاض کے اندر مقیم سابق یمنی حکومت کو جنگ بندی کے نئے مسودے پر راضی کرنے کے لئے مذاکرات میں مصروف ہیں۔


خبر کا کوڈ: 892254

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892254/مارٹن-گریفٹس-کا-امن-منصوبہ-سراسر-دھوکہ-ہے-ہم-اسے-مسترد-کرتے-ہیں-صنعاء

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org