QR CodeQR Code

جلوس ہائے میلاد کے ذریعے امن و محبت کے فروغ اور نفرتوں کے خاتمے کا پیغام عام کررہے ہیں، مرزا ارشد القادری 

15 Oct 2020 21:37

ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہلسنت رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ ربیع الاول شروع ہونے سے قبل انتظامات مکمل کرے، ماہ ربیع الاول میں منعقد ہونیوالے تمام جلوسوں کو شان اہل بیت و صحابہ سے منسوب کیا جائے گا۔ 


اسلام ٹائمز۔ متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہر سو محافل میلاد اور جلوس ہائے میلاد کا اہتمام ہورہا  ہے۔ مگر پریشان کن امر یہ ہے کہ بعض شرپسند عناصر کی جانب سے شان اہل بیت و صحابہ میں کی جانیوالی گستاخیوں کے ذریعے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، مگر الحمد اللہ میلاد منانے والوں نے اس سازش کا ادراک کرتے ہوئے امن کا پرچم بلند کیا اور ثابت کیا کہ اہل سنت صوفیا کرام کے ماننے والے ہیں، ہم تمام مقدس ہستیوں کا ادب اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ہم جلوس ہائے میلاد کے زریعے امن و محبت کے فروغ اور نفرتوں کے خاتمے کا پیغام عام کر رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے متحدہ میلاد کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ امسال ماہ ربیع الاول میں نکلنے والے تمام جلوسوں کو شان اہل بیت و صحابہ سے منسوب کیا جائے گا، جلوس ہائے میلاد کے ذریعے امت کی متفقہ مقدس ہستیوں کی عظمت کے ڈنکے بجائے جائیں گے۔ متحدہ میلاد کونسل کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے جلوسوں سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جبکہ دیگر  افسران کی جانب سے بھی ماہ ربیع الاول شریف میں میلادالنبیۖ کے جلوسوں کے لئے خصوصی اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ہم امید کرتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ نے جس طرح بہتر سے بہتر انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے اسی طرح وہ اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ملتان شہر کے تمام جلوس ہائے میلاد کوسکیورٹی پلان میں شامل کرنے کی جو یقین دہانی کرائی ہے اس پر ہم ان کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس عمل کو جلداز جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ جلوسوں کے منتظمین کو اطمینان حاصل ہوسکے۔ متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام 17 اکتوبر بروز ہفتہ بوقت 3 بجے سہ پہر استقبال ربیع الاول اور تحفظ ناموس اہل بیت وصحابہ کے عنوان سے چوک نواں شہر سے پریس کلب تک متحدہ میلاد مارچ ہوگا۔ جس کی قیادت مرکزی میلاد کونسل کے اکابرین اور متحدہ میلاد کونسل کے قائدین کریں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 892262

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892262/جلوس-ہائے-میلاد-کے-ذریعے-امن-محبت-فروغ-اور-نفرتوں-خاتمے-کا-پیغام-عام-کررہے-ہیں-مرزا-ارشد-القادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org