QR CodeQR Code

ایران خیلج فارس میں غیر علاقائی فوجی موجودگی کیخلاف ہے، سید عباس عراقچی

15 Oct 2020 23:17

تہران کیلئے ڈنمارک کے نئے سفیر کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایرانی ڈپٹی وزیر خارجہ نے نصیحت کی ہے کہ بہتر ہے کہ ڈنمارک اور دوسرے یورپی ممالک خطے کے اندر فورسز بھیجنے اور خطے کے بعض ممالک کو اندھا دھند اسلحہ بیچنے کے بجائے خطے کے اندر تناؤ کے اصلی محرک؛ یعنی خلیج فارس میں امریکہ کی غلط سیاست کا مقابلہ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے تہران کے لئے ڈنمارک کے نئے سفیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اس خطے کی سکیورٹی صرف اور صرف خطے کے اپنے ممالک کے ذریعے ہی انجام پانی چاہیئے، نہ کہ خطے سے باہر کی فورسز کے ذریعے، کیونکہ خطے میں اجنبی فورسز کی موجودگی نہ صرف امن و امان کی برقراری میں کوئی مدد فراہم نہیں کرتی بلکہ تناؤ کے بڑھنے کا بھی باعث ہے۔ سید عباس عراقچی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ خلیج فارس کی سکیورٹی خطے کے ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ڈنمارک سمیت تمام یورپی ممالک کو نصیحت کی ہے کہ خطے کے اندر پائیدار امن و امان کا قیام صرف اور صرف خطے کے ممالک کے درمیان ہونے والی گفتگو، ان کی ہابمی مشارکت اور خطے کے باہر سے کسی قسم کی مداخلت کے نہ ہونے پر منحصر ہے۔ لہذا بہتر ہے کہ ڈنمارک اور دوسرے یورپی ممالک خطے کے اندر فورسز بھیجنے اور خطے کے بعض ممالک کو اندھا دھند اسلحہ بیچنے کے بجائے خطے کے اندر تناؤ کے اصلی محرک؛ یعنی خلیج فارس میں امریکہ کی غلط سیاست کا مقابلہ کریں۔

واضح رہے کہ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے چند روز قبل خلیج فارس میں موجود امریکی فوجی اتحاد کے ساتھ شامل ہونے کی غرض سے جنگی کشتیوں اور ہیلی کاپٹر بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ جیپ کوفرڈ (Jeppe Kofod) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈنمارک خطے کے اندر تناؤ کم کرنے کے لئے سرگرم ہے جبکہ ڈنمارک کے پاس دنیا کی پانچویں بڑی بحریہ ہونے کے ناطے، خطے کی کشتیرانی کی حفاظت اس کی ذمہ داری ہے۔ دوسری طرف فرانسیسی وزیر خارجہ نے بھی چند روز قبل خلیج فارس و آبنائے ہرمز کے اندر یورپی بحری اتحاد (EMASOH) کے مشن میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات سے اس کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا تھا اور کہا تھا کہ خطے کہ اندر اس اتحاد کی موجودگی کا مقصد سکیورٹی، سیاسی و اقتصادی میدان میں خطے کے ساتھ یورپ کے مشترکہ مفاد اور عالمی تجارت کی حفاظت ہے۔


خبر کا کوڈ: 892278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892278/ایران-خیلج-فارس-میں-غیر-علاقائی-فوجی-موجودگی-کیخلاف-ہے-سید-عباس-عراقچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org