QR CodeQR Code

وزیراعظم کی صنعت کاروں سے ملاقات، کاروباری طبقے کو ریلیف دینےکی یقین دہانی

15 Oct 2020 23:44

ملاقات میں وفاقی وزیر محمد حماد اظہر، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی بھی موجود تھے۔ وفد نے کورونا وبا کے پیش نظر صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے برآمدات بڑھانے، ملکی صنعت کے فروغ اور ٹیکس نظام میں بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے صنعت کاروں کو ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی، اسلام آباد میں پناہ گاہ کا دورہ کیا اور مزدوروں کے ساتھ کھانا کھایا، نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی سیاحت کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ سیاحت سے آمدنی میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد کے علاقے پشاور موڑ میں قائم پناہ گاہ کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم کو ملک بھر میں قائم کی گئی ماڈل پناہ گاہوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے مسافروں کے ساتھ کھانا کھایا۔ عمران خان نے پناہ گاہوں کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے پناہ گاہوں کا معیار بہتر بنا کر اس تصور کو پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔

وزیر اعظم نے پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور سینیٹر فیصل جاوید بھی تھے۔ وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ پناہ گاہوں میں آنے والے غریب لوگوں کو عزت دیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ماڈل پناہ گاہوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے اور پناہ گاہوں کا معیار بہتر بنا کر اس تصور کو پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے سیاحت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء، معاونین اور صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاحتی ترقی کا پلان 2020-21ء پیش کیا گیا، اعلامیے کے مطابق سیاحتی مقامات کی جیومیپنگ سمیت ترقیاتی کاموں کے ابتدائی امور مکمل کرلیے گئے ہیں۔

سیاحتی سیکٹر میں ترقی اور دیگر امور پر زلفی بخاری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کی ترقی کے لیے لازمی کام جاری ہے، سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام صوبے آن بورڈ ہیں، سیاحت ترقیاتی پلان میں روزگار، 40 مقامات کا ماسٹر پلان، 7 تھیم پارکس، 60 نئے سیاحتی مقامات، 30 بین الاقوامی معیار کی سہولیات پر مشتمل فیزیلبیٹز شامل ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو مختلف ماحولیاتی زونز اور سیاحتی مقامات سے نوازا ہے، حکومت سیاحت پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، سیاحت کے ذریعے پاکستان کے سافٹ امیج کا فروغ ممکن ہے، سیاحت سے آمدنی میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سیاحت کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت صوبوں کی بھرپور مدد کرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان سے صنعت کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ثنا آللہ چودھری (یونایئٹڈ موٹر سائیکل)، عبدالرحمان (چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس و ایکسیسوریز مینوفیکچررز)، معین ظفر (پاکستان فرنیچر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن)، میاں افتخار احمد (پاکستان ٹائر مینو فیکچررز ایسوسی ایشن)، مرتضیٰ پراچہ (آل پاکستان امپورٹرز و مینوفیکچررز)، عامر اللہ والا (موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن)، سہیل الطاف (آٹو موٹیوز)، احتشام الدین (پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن) اور سردار یاسر الیاس (اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری) شامل ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر محمد حماد اظہر، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی بھی موجود تھے۔ وفد نے کورونا وبا کے پیش نظر صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے برآمدات بڑھانے، ملکی صنعت کے فروغ اور ٹیکس نظام میں بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے حکومت کاروباری طبقے اور صنعت کاروں کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کے ملکی صنعت کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات سے زر مبادلہ حاصل ہوگا جو فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ ہو سکیں گے۔ وزیر اعظم نے انڈسٹری اور یونیورسٹیوں کے درمیان ریسرچ اور ٹریننگ کے حوالے سے روابط قائم کرنے پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کو فنی مہارت حاصل ہوسکے۔

وزیر اعظم نے کہا کے جو ملک سرمایہ کار اور صنعت کار کو سہولیات مہیا کرتے ہیں، وہی ملک ترقی کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے وفد کی طرف سے دی گئی تجاویز پر متعلقہ وزارتوں اور ایف بی آر کو ہدایات جاری کیں۔


خبر کا کوڈ: 892280

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892280/وزیراعظم-کی-صنعت-کاروں-سے-ملاقات-کاروباری-طبقے-کو-ریلیف-دینےکی-یقین-دہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org