0
Friday 16 Oct 2020 15:56

شہیدِ ملّت خان لیاقت علی خان کی 69ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

شہیدِ ملّت خان لیاقت علی خان کی 69ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم خان لیاقت علی خان کی 69 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ 16 اکتوبر 1951ء کو ایک جلسے کے دوران قائدِ اعظم کے معتمد اور نہایت قریبی ساتھی، قوم کے عظیم راہنما، محسن اور ملک کے پہلے وزیرِاعظم کو ایک بدبخت نے ریوالور سے گولیاں برسا کر شہید کردیا۔ قوم انھیں‌ شہیدِ ملّت کے نام سے یاد کرتی ہے۔ لیاقت علی خان یکم اکتوبر 1896ء میں مشرقی پنجاب کے ضلع کرنال میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک نواب خاندان کے فرد تھے جنھوں نے مسلمانانِ ہند اور آزادی کی جدوجہد کے لیے ہر آسائش اور سہولت کو تج دیا اور قیامِ پاکستان کے بعد خلوصِ نیّت اور تن دہی سے اپنے فرائض اور ذمہ داریاں انجام دیں۔ 1918ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیمی سند لینے کے بعد لیاقت علی خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں اعلٰی تعلیم کے حصول کے لیے داخلہ لیا۔

1923ء میں ہندوستان واپس آنے کے بعد انہوں‌ نے مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور 1936ء میں انہیں اس کا سیکرٹری جنرل بنا دیا گیا۔ وہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کے دستِ راست تھے اور ان کی وفات کے بعد انہیں ملک کا پہلا وزیرِاعظم بنایا گیا۔ شہیدِ ملّت کی زبان پر جاری ہونے والے آخری الفاظ تھے "خدا پاکستان کی حفاظت کرے۔" قوم کے اس عظیم راہنما کو راولپنڈی کے جس کمپنی باغ میں شہید کیا گیا، بعد میں اسے ’’لیاقت باغ‘‘ کا نام دیا گیا۔ ان کے قاتل کو ایک پولیس افسر نے موقع پر ہی گولیاں‌ مار کر ہلاک کر دیا تھا اور اس قتل کا سبب اور اس کے محرکات آج تک سامنے نہ آ سکے۔ شہیدِ ملّت خان لیاقت علی خان بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کے مزار کے احاطے میں ابدی نیند سو رہے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 892368
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش