QR CodeQR Code

موثر سیاسی عمل ہی فرقہ واریت کو کنٹرول کر سکتا ہے، مولانا فضل الرحمان

16 Oct 2020 18:26

جے یو آئی اور پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نفرتوں سے خون خرابا ہو گا اور پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، موجودہ پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے آئی ہے جس کی وجہ سے عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کیلئے نکلے ہیں، موجودہ حالات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اب حکمران ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں این آر او نہیں دے رہے، کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، تحریک کا آغاز آج گوجرانوالہ سے ہوگا کیونکہ موجودہ پارلیمنٹ منتخب پارلیمنٹ نہیں۔ فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے آئی ہے جس کی وجہ سے عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کیلئے نکلے ہیں، موجودہ حالات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہو گا۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومت سے این آر او مانگنے سے متعلق سوال پر فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اب حالات تبدیل ہو چکے ہیں، اب تو حکمران این آر او مانگ رہے ہیں اور ہم نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ بات اب ان ہاوس تبدیلی سے آگے نکل گئی ہے، ملک میں عام انتخابات ہونے چاہئیں اور عوام کو اپنے رہنما خود منتخب کرنے کا حق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں عہدوں کیلئے نہیں بلکہ مقصد کیلئے اس تحریک کا حصہ ہیں۔ گوجرانوالہ جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ابھی رکاوٹوں سے سامنا نہیں ہوا اور ہو گا بھی نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں سربراہ کے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ جتنا سیاسی عمل کو طاقتور بنائیں گے اتنا ہی فرقہ واریت تحلیل ہو گی، موثر سیاسی عمل ہی فرقہ واریت کو کنٹرول کر سکتا ہے، نفرتوں سے خون خرابا ہو گا اور پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔


خبر کا کوڈ: 892395

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892395/موثر-سیاسی-عمل-ہی-فرقہ-واریت-کو-کنٹرول-کر-سکتا-ہے-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org