0
Friday 16 Oct 2020 19:20

لاہور، یوم شہادتِ حضرت امام حسنؑ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں
لاہور، یوم شہادتِ حضرت امام حسنؑ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی آج 28 صفرالمظفر کو یوم شہادت حضرت امام حسن علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے لاہور بھر میں مجالس عزاء منعقد ہوئیں جبکہ متعدد علاقوں سے ماتمی جلوس بھی برآمد ہوئے۔ لاہور میں اندرون موچی گیٹ میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ہال سے نواسہ رسولؐ حضرت امام حسن (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، زیارت رات گئے امام بارگاہ باب الحسنؑ پہنچ کر وداع ہوگی۔ ممتاز عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے امام حسن علیہ السلام کے شہادت سے متعلق مصائب پڑھ کر شبیہہِ تابوتِ امام حسن (ع) برآمد کروائی۔

یوم حسن (ع) کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ کے روایتی روٹ سے ہوتا ہوا رات گئے موچی گیٹ امام بارگاہ بابِ حسن (ع) پہنچ کر الوداع ہوگا۔ عزاداروں کا جمِ غفیر اور ماتمی دستوں کی کثیر تعداد تابوت کے ساتھ پرسہ پیش کرتی رہی۔ شبیہ تابوت حسیینہ ہال سے محلہ شیعاں، گجرگلی، لال کھوہ، باب الحوائج سے ہوتی ہوئی اپنے قدیمی روٹ پر رواں دواں ہے۔ زیارت خرادی محلہ سے کوتوالی چوک، چوہٹہ مفتی باقر، نثار حویلی سے ہوتی ہوئی رات گئے امام بارگاہ بابِ حسن(ع) پہنچ کر الوداع ہوگی۔ جلوس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کے ساتھ حیدریہ سکاؤٹس بھی سکیورٹی پر مامور ہیں۔ عزداروں کیلئے جگہ جگہ لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 892407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش