QR CodeQR Code

حکومت نے عوام کو جو معاشی خواب دکھائے وہ سب الٹے ثابت ہوئے، یوسف رضا گیلانی 

16 Oct 2020 19:39

ملتان میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک کی ابھی شروعات ہیں، ابھی سڑکوں پر نہیں آئے جلسوں سے ہی حکومت کے ہاتھ پاوں پھول گئے ہیں، کیونکہ حکومت منتخب نہیں سلیکٹڈ ہے، نعروں سے بہلانے اور جھوٹے خواب دکھانے والی حکومت کیسے دیرپا ثابت ہوسکتی ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین وسابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نے پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسہ کو روکنے کے لیے جو پالیسی بنائی اس سے اب ہر شہر جلسہ گاہ میں تبدیل ہوگیا، حکومت عوام کا اپوزیشن کی طرف جھکاو کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی ضلع ملتان کے جنرل سیکرٹری راو ساجد علی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ظہرانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سینیئرنائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، محمود حیات خان ٹوچی، احمد مجتبی گیلانی، کامران عبداللہ مڑل، ملک نسیم حسین لابر، ملک شاہ رخ، شیخ غیاث الحق، عارف شاہ، نوید ناصر، عالمگیر گیلانی، ضیغم گیلانی، چوہدری بلال، رانا ضیا، محمد خرم نے شرکت کی۔ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت نے عوام کو جومعاشی خواب دکھائے وہ سب الٹے ثابت ہوئے، جو عوام کی نفرت اور بیزاری کا باعث بن کر سامنے آرہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک کی ابھی شروعات ہیں ابھی سڑکوں پر نہیں آئے، جلسوں سے ہی حکومت کے ہاتھ پاوں پھول گئے ہیں، کیونکہ حکومت منتخب نہیں سلیکٹڈ ہے، کیونکہ نعروں سے بہلانے اور جھوٹے خواب دکھانے والی حکومت کیسے دیرپا ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے 30نومبر کو ملتان میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں پی ڈی ایم کے جلسہ کے لیے کارکنوں کو عوام سے رجوع کرنے اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے سرگرم ہو جائیں۔

ظہرانہ سے خواجہ رضوان عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا ملتان کا جلسہ حکومت کی جڑیں اکھاڑ پھینکے گا، ظلم کی حکومت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی اور ملتان کا جلسہ پی ٹی آئی کی دھاندلی کا پول کھول دے گا۔ راو ساجد علی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کارکنان پی ڈی ایم کے ملتان جلسہ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں، جو حکومت کی رخصتی کا پروانہ ثابت ہوگا، پارٹی کارکنان جلسہ میں بھرپور شرکت کریں گے، اگر حکومت نے گوجرانوالہ جلسہ جیسی رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تو جیالے دمادم مست قلندر کا ماحول بنا دیں گے، جو حکومت کی فوری رخصتی کا باعث بنے گا۔ تقریب سے محمود حیات ٹوچی خان، کامران عبداللہ مڑل، نسیم حسین لابر، شیخ غیاث الحق، سید عارف شاہ نے بھی خطاب کیا۔ 

 


خبر کا کوڈ: 892412

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892412/حکومت-نے-عوام-کو-جو-معاشی-خواب-دکھائے-وہ-سب-الٹے-ثابت-ہوئے-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org