QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ کیلئے روانہ

16 Oct 2020 19:51

مسلم ٹائون سے لاہور ڈویژن کے کارکنان کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کا قافلہ روانہ ہوا تو مولانا فضل الرحمان بڑے پُرجوش دکھائی دیئے۔ مولانا فضل الرحمان کا قافلہ فیروز پور روڈ سے ہوتا ہوا جین مندر پہنچا، جہاں مولانا نے مین روڈ پر نماز مغرب کی امامت کی۔


اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج لاہور میں مصروف ترین دن گزارا۔ مولانا فضل الرحمان نے نماز جمعہ جامعہ اشرفیہ میں پڑھی، مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم اشرفی کی دعاء کے بعد جے یو آئی کا قافلہ گوجرانوالہ کیلئے روانہ ہوا۔ روانگی سے قبل مولانا فضل الرحمان نے آواری ہوٹل میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام کا سیلاب نکلے گا جسے کوئی نہیں روک سکے گا۔ مسلم ٹائون سے لاہور ڈویژن کے کارکنان کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کا قافلہ روانہ ہوا تو مولانا فضل الرحمان بڑے پُرجوش دکھائی دیئے۔ مولانا فضل الرحمان کا قافلہ فیروز پور روڈ سے ہوتا ہوا جین مندر پہنچا، جہاں مولانا نے مین روڈ پر نماز مغرب کی امامت کی۔

نماز مغرب کے بعد قافلہ داتا دربار، آزادی چوک، شاہدرہ موڑ سے ہوتے ہوئے گوجرانوالہ کیلئے روانہ ہوگیا۔ دوران سفر مولانا فضل الرحمان نے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے آزادی مارچ پر تبصرہ کرتے ہوئے زندہ دلان لاہور کے استقبال کو خوب سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ سلیکٹڈ حکومت سے تنگ آ چکے ہیں، جس نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور خودکشیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نےکہا کہ ملک میں مہنگائی اپنی بلند ترین شرح پر پہنچ چکی ہے اور حکمران ابھی بھی خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 892414

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892414/مولانا-فضل-الرحمان-کارکنوں-کی-بڑی-تعداد-کے-ہمراہ-لاہور-سے-گوجرانوالہ-کیلئے-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org