QR CodeQR Code

اس مقدس اور بابرکت مہینے میں اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی تحریک افسوس ناک ہے، جماعت اہلسنت ملتان 

16 Oct 2020 20:01

ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اہلسنت کے صوبائی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس یا کسی اور بہانے سے جشن میلادالنبی (ص) پر کسی قسم کی پابندی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ 


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی، ممبر صوبائی مجلس عاملہ قاری محمد عبدالغفار نقشبندی، ڈویژنل آرگنائزر پیر سید رمضان شاہ فیضی، ضلعی امیر قاری خادم حسین سعیدی، ضلعی آرگنائزر قاضی محمد بشیر گولڑوی، ناظم اعلی قاری مطیع الرسول سعیدی اور ملتان شہر کے ناظم اعلیٰ پروفیسر سلیم اشرف قادری نے ملتان پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول شریف کی آمد آمد ہے، اسلامیان عالم اپنے آقا ومولا حضور (ص) کی تشریف آوری کا جشن مناکر اللہ رب العزت کے احسان عظیم کا شکر ادا کرتے ہیں، لیکن اس مقدس اور بابرکت مہینے میں اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی تحریک افسوس ناک ہے، پرامن احتجاج کرنا ان کا حق ہے لیکن انہوں نے اپنی تحریک کا شیڈول طے کرتے وقت محافل میلاد اور جلوس ہائے میلاد کو ملحوظ نہیں رکھا، ہم ملت اسلامیہ کی اکثریت کی نمائندگی کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے قائدین سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ربیع الاول شریف کے احترام میں اپنی احتجاجی تحریک ملتوی کر دیں اور پوری قوم کے ساتھ مل کر جشن میلادالنبی (ص) عقیدت واحترام سے منائیں۔

رہنمائوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول شریف تحفظ ختم نبوت اور عظمت صحابہ و اہل بیت کے عنوان سے منایا جائے گا، جماعت کی تمام تنظیموں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ میلادالنبی (ص) کی تقریبات میں ان موضوعات پر بیان کریں اور اصحاب کرام واہل بیت اطہار کی عظیم الشان اور لازوال خدمات سے عوام کو کماحقہ آگاہ کریں، جماعت اہل سنت کے رہنماوں نے خبردار کیا کہ کورونا وائرس یا کسی اور بہانے سے جشن میلادالنبی (ص) پر کسی قسم کی پابندی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ مرکزی میلاد کونسل کے زیراہتمام علماو مشائخ کنونشن کے اعلانیہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ سے درخواست ہے کہ ان مطالبات پر فورا عمل کرائیں اور تقریبات جشن میلاد کیلئے اجازت کا طریقہ کار آسان بنائیں، پریس کانفرنس میں ممتاز عالم دین مولانا غلام شبیر سواگی نے اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اہل سنت پاکستان میں شمولیت کا اعلان کیا۔


خبر کا کوڈ: 892415

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892415/اس-مقدس-اور-بابرکت-مہینے-میں-اپوزیشن-جماعتوں-کی-احتجاجی-تحریک-افسوس-ناک-ہے-جماعت-اہلسنت-ملتان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org