0
Friday 16 Oct 2020 20:15

 حکومت ایک طرف کرونا کی نئی لہر کے حوالے سے تشویش کا اظہار تو دوسری طرف جلسوں کی اجازت بھی دے رہی ہے، متحدہ میلاد کونسل 

 حکومت ایک طرف کرونا کی نئی لہر کے حوالے سے تشویش کا اظہار تو دوسری طرف جلسوں کی اجازت بھی دے رہی ہے، متحدہ میلاد کونسل 
اسلام ٹائمز۔ متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قریشی نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میلاد منانا عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ایمان اور عقیدہ ہے، پوری دنیا کے مسلمان ربیع الاول میں نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن ولادت جوش و جذبے سے مناتے ہیں، برصغیر بالخصوص پاکستان کے مسلمان منفرد انداز میں جشن ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم مناتے ہیں، مدینة الاولیا ملتان شریف سینکڑوں سالوں سے اسلام کا روحانی مرکز ہے اور جشن عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالہ سے پوری دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے، اس انفرادیت کو قائم رکھنے کے لیے ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے ہمیشہ میلاد جلوس نکالنے والے منتظمین کا بھرپور ساتھ دیا ہے، کم و بیش 5 سال قبل جب میں نے اور میری ٹیم نے متحدہ میلاد کونسل کی بنیاد رکھی اور منتظمین جلوس میلاد نے متحد ہو کر ایک منظم جدوجہد کا آغاز کیا، یہ اسی جدوجہد کا نتیجہ تھا کہ جلوس ہائے میلاد کے انتظامات میں واضح تبدیلی نظر آنے لگی۔ ہماری انتھک محنت کا نتیجہ تھا کہ جلوس ہائے میلاد کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل ہونے لگے متحدہ میلاد کونسل بننے کے بعد میلاد جلوسوں کے راستوں میں پیچ ورک سٹریٹ لائٹس صفائی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے جو کہ متحدہ میلاد کونسل کی کامیابی ہے کم و بیش پانچ سال قبل جب ہم نے متحدہ میلاد کونسل کا اسی پریس کلب سے آغاز کیا تھا تو اس وقت ہمارے ساتھ 11 جماعتیں اس اتحاد میں شامل تھی آج یہ تعداد 29 تک پہنچ چکی ہے اور مزید جماعتیں متحدہ میلاد کونسل میں شامل ہونے کے لئے ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں جو کہ ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

 اُنہوں نے مزید کہا کہ متحدہ میلاد کونسل میں شامل 29 جماعتوں کے نمائندے آج یہاں جمع ہو کر اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ جلوس ہائے میلاد کے تحفظ اور فروغ کے لئے ہم متحد ہیں اور آئندہ بھی اسی لگن کے ساتھ اس عظیم کاز کے لیے کام کرتے رہیں گے، ہم آج کی پریس کانفرنس میں اس بات کا اظہار کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ حکومت ایک طرف کرونا کی نئی لہر کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہی ہیں تو دوسری طرف جلسوں کی اجازت بھی دی جارہی ہے، کرونا کی آڑ میں میلاد کے جلوسوں پر کسی قسم کی پابندیاں قبول نہیں کریں گے، ہم محب وطن شہری اور ملکی قوانین کے پابند ہیں لیکن پاکستان کے ہر شہری کو برابر کے حقوق اور سہولیات دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 892418
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش