0
Friday 16 Oct 2020 21:10

پشاور میں ملاوٹ مافیا کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 2 ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف

پشاور میں ملاوٹ مافیا کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 2 ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں کارروائی کے دوران 2 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت دودھ تلف کرکے 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ہمراہ پشاور میں ملاوٹ مافیا کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے موٹر وے ٹول پلازہ پر ایک مشترکہ کارروائی میں تقریباً 2 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت اور ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کردیا۔ آپریشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز شایان علی جاوا، اسسٹنٹ کمشنر صدر صہیب بٹ، لائیو اسٹاک کے نعیم الحسن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر واصف شاہ اور احمد نے حصہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی ڈائریکٹر اپریشنز شایان علی جاوا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف پشاور میں ایک بڑے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موٹر وے ٹول پلازے پر صبح سویرے ناکہ بندی کی گئی اور پشاور لائے جانے والے تمام دودھ فروشوں کو روک کر دودھ کے سیمپلز چیک کئے گئے، جبکہ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے موقع پر ہی دودھ کے ٹیسٹ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی میں 6 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کردی گئی ہیں، جبکہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے آگے بھی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ساتھ ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر صہیب بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو صاف اور معیاری خوراکی اشیاء فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے اور دودھ میں ملاوٹ کے خلاف یہ آپریشن اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دودھ کے سیمپلز میں کیمکلز کے ساتھ ساتھ 40 فیصد تک دودھ کی ملاوٹ بھی سامنے آئی، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ساتھ آگے بھی صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 892428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش