0
Friday 16 Oct 2020 21:16

پشاور اور سوات سمیت خیبر پختونخوا کے شمالی علاقوں میں زلزلہ

پشاور اور سوات سمیت خیبر پختونخوا کے شمالی علاقوں میں زلزلہ
اسلام ٹائمز۔ پشاور اور سوات سمیت خیبر پختونخوا (کے پی) کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے شمالی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور شہری اپنے گھروں اور دفاتر اور دکانوں سے قرآنی آیات کی ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ رپورٹ کے مطابق شانگلہ، سوات، کوہستان، دیر، چترال اور پشاور میں 4.9 شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جبکہ کسی قسم کے نقصان کی رپورٹ نہیں ملی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کا صوبہ بدخشاں تھا جہاں اس کی گہرائی 27 کلو میٹر تھی اور شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل مالاکنڈ اور ہزارہ میں 16 اکتوبر 2016ء کو بھی 7.5 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے اور شانگلہ میں 48 افراد جاں بحق اور 133 زخمی ہوگئے تھے۔ یاد رہے رواں برس 16 جون کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں دن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ سرکاری خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ صبح ساڑھے چھ بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔

پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان میں سطح زمین سے 112 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے جڑواں شہروں کے علاوہ پشاور، سوات، شمالی وزیرستان، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی محسوس کئے گئے تھے۔ اس علاوہ دوپہر 2 بجے کے بعد بھی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے ایک مرتبہ پھر محسوس کئے گئے تھے۔ اس سے قبل 24 ستمبر 2019ء کو پنجاب اور آزاد کشمیر میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس نے جہلم اور آزاد کشمیر کے علاقے میر پور کو سب سے زیادہ متاثر کیا تھا۔ اس زلزلے کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق، جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد مختلف علاقوں میں کچھ دن تک وقفے وقفے سے زلزلے آنے کا سلسلہ جاری رہا تھا۔ ماہ ستمبر میں آنے والے زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں جاتلاں کے علاقے میں مختلف مقامات پر سڑکیں دھنسنے کے ساتھ ساتھ متعدد عمارتیں بھی تباہ ہوگئی تھیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 892434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش