0
Friday 16 Oct 2020 22:25
گوجرانوالہ میں اپوزیشن کا جلسہ، مریم اور بلاول جلسہ گاہ پہنچ گئے

پوری قوم کا جینا حرام کرنیوالے نااہل کے جانے کا وقت آگیا ہے، بلاول بھٹو

پی ڈی ایم کی تحریک حکومت کے خاتمے پر ختم ہوگی، رانا ثناء اللہ
پوری قوم کا جینا حرام کرنیوالے نااہل کے جانے کا وقت آگیا ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کا حکومت کے خلاف پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں جاری ہے، جس میں خطاب کرنے کے لیے مریم نواز اور بلاول جلسہ گاہ میں پہنچ گئے، بقیہ سیاسی رہنماء بھی کچھ دیر میں پہنچنے والے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن (پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ) کا آج گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں پہلا جلسہ جاری ہے۔ مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پشتونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، (ن) لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی، پی پی رہنماء قمر زمان کائرہ اور دیگر اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی قافلے کی شکل میں لاہور سے روانہ ہوئے، جو کچھ دیر میں جلسہ گاہ پہنچ جائیں گے۔ قبل ازیں مریم نواز قافلے کی شکل میں جاتی امرا سے روانہ ہوئیں۔ مختلف شہروں سے آنے والے لیگی کارکن بھی ان کے ہمراہ تھے، راستے میں ممکنہ رکاوٹیں ہٹانے کے لیے 2 کرینیں بھی مریم نواز کے قافلے کا حصہ تھیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک حکومت کے خاتمے پر ختم ہوگی۔ انہوں ںے کہا کہ شبلی فراز نے کہا تھا کہ اسٹیڈیم بھر کر دکھائیں تو وہ دیکھ لیں کہ ابھی قائدین نہیں پہنچے ہیں اور اسٹیڈیم بھر چکا ہے۔ پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اگر اسٹیڈیم بھر گیا تو استعفیٰ دوں گا تو اب استعفیٰ دو۔ نواز لیگ کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دوں گا جبکہ ایک وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آتے ہی 200 ارب ڈالرز آئیں گے۔ رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کہا گیا تھا کہ پہلے 100 دن میں کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اڑھائی سال کے دوران معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لوگوں نے یہاں جمع ہو کر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جلد فیصلہ کن لانگ مارچ کا مرحلہ بھی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عوامی راج کو لانا ہے اور ووٹ کی عزت کو بڑھانا ہے۔

جلسہ گاہ روانگی سے قبل مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ اللہ کا نام لے کر عوام کے لیے جدوجہد کرنے میدان میں نکلے ہیں، آج جمعہ کے مبارک دن پر 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں، سب کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ باہر نکلیں اور اس ریلی میں شریک ہوں، تاہم سرکاری و انتظامی ادارے اس قافلے کے راستے میں نہ آئیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی جلسے میں شرکت کے لیے لاہور سے گوجرانوالہ پہنچ رہے ہیں، روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فضل الرحمان نے عوام کی نمائندہ حکومت کی تشکیل کے لیے نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگا، پاکستان میں اس وقت جعلی حکومت مسلط ہے جبکہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی جی ٹی روڈ پر ریلی کی تیاریاں بھی مکمل ہوگئی ہیں، لالہ موسیٰ میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کے قافلے کی قیادت میں خود کر رہا ہوں، عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو گوجرانولہ کی سرزمین سے عوام کی آواز پہنچائیں گے، عمران خان کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے ہے، اس نالائق نے پوری قوم کا جینا حرام کر دیا ہے، تاہم اب نااہل کے جانے کا وقت آچکا ہے۔ جلسے سے متعلق منتظمین اور انتظامیہ میں معاہدہ طے پا گیا ہے، ماسک کے بغیر کوئی بھی شخص جلسہ گاہ میں داخل نہیں ہوگا اور شرکاء کے درمیان 3 سے 6 فٹ کا فاصلہ ضروری ہے، 7 ہزار اہل کار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ جلسہ گاہ میں قائدین کے لیے 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور لائٹس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 892447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش