0
Friday 16 Oct 2020 22:32

پشاور، جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکجہتی کراچی مارچ

پشاور، جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکجہتی کراچی مارچ
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی کال پر پشاور پریس کلب کے سامنے جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیراہتمام یکجہتی کراچی مارچ زیر قیادت امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمان منعقد ہوا۔ مارچ کے شرکاء نے بینرز اُٹھا رکھے تھے، جن پر کراچی کے حقوق کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر سندھ اور وفاقی حکومتوں کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی گئی۔ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے لیے جو تحریک شروع کی ہے یہ تحریک جعلی مردم شماری، نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کی عدم فراہمی، بااختیار شہری حکومت کے نہ ہونے، کے الیکٹرک کے شہریوں سے ظالمانہ سلوک، بے تحاشا لوڈشیڈنگ، اووربلنگ، ٹرانسپورٹ، سیوریج سمیت شہریوں کو درپیش بے شمار مسائل کے حل، اور کراچی کے آئینی و قانونی اور جائز حق کے حصول کے لیے ہے۔ ایوب خان سے لے کر آج تک کسی حکومت نے کراچی کو اس کا حق نہیں دیا، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومتوں نے ہمیشہ کراچی کے لوگوں کا استحصال کیا ہے، موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت بھی کراچی کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔

اس موقع پر قائمقام جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور ڈاکٹر جمال الدین ، صدر الخدمت تاجران ضلع پشاور خالد گل مہمند، صدر جماعت اسلامی لیبرونگ پشاور رضوان صراف، صدر الخدمت فاﺅنڈیشن پشاور ارباب عبدالحسیب اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عتیق الرحمان نے مزید کہا کہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں اور یہ شہر ایک تباہی کا منظر پیش کررہا ہے، کراچی میں پورے پاکستان سے لوگ آکر بستے ہیں، خود محنت کرتے ہیں اور ملک کی معیشت کا پہیہ چلاتے ہیں۔کراچی کو مسلسل نظر انداز بھی کیا جاتا ہے، اس کو حقیقی نمائندگی سے محروم کیا جاتا ہے اور پھر تباہ حال بھی کردیا جاتا ہے۔ جن لوگوں نے کراچی کو لوٹا اور شہریوں کا استحصال کیا ہے ان کو بے نقاب کریں گے۔ کراچی کا ایک اور بڑا مسئلہ بجلی کا ہے اور جب کراچی کے عوام ڈوب رہے تھے تو وزیراعظم عمران خان کے الیکٹرک کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر رہے تھے۔ جماعت اسلامی پشاور عنقریب پشاور کے مسائل کو اُجاگر اور ان کے حقوق کے لیے تحریک کا آغاز کررہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 892449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش