QR CodeQR Code

کراچی کی ترقی میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، امین الحق

17 Oct 2020 01:42

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ کراچی کے عوام کیلئے کراچی سرکلر ریلوے کا تحفہ بہت جلد دیں گے، کراچی کو صوبائی حکومت نے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نظر انداز کر رکھا ہے جس کے باعث کراچی کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے اپنے حلقہ انتخاب میں سڑکوں کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے کام کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کراچی کی ترقی کیلئے جو پیکیج دیا ہے اور جو کمیٹی تشکیل دی ہے وہ شفافیت پر یقین رکھتی ہے، کراچی کے عوام کیلئے کراچی سرکلر ریلوے کا تحفہ بہت جلد دیں گے، کراچی کو صوبائی حکومت نے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نظر انداز کر رکھا ہے جس کے باعث کراچی کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے۔ سید امین الحق نے مزید کہا کہ کراچی کی ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے اور نہ ہی کسی کو دخل اندازی کی اجازت دیں گے۔

بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے حکومتی اعداد و شمار میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوتا رہا ہے اور اب بھی ہوا ہے، جسے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور آئندہ برسوں میں اس میں کمی نظر آئے گی جبکہ ہم نے وفاقی حکومت کو قائل کیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔ اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی علی خورشیدی، صداقت حسین، باسط احمد و دیگر بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 892468

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892468/کراچی-کی-ترقی-میں-کسی-کو-رکاوٹ-نہیں-بننے-دیں-گے-امین-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org