0
Saturday 17 Oct 2020 20:49

پاک فوج پر حملے کرنیوالے بھارت کے آلہ کار اور اسلام سے خارج ہیں، سنی اتحاد کونسل

پاک فوج پر حملے کرنیوالے بھارت کے آلہ کار اور اسلام سے خارج ہیں، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اپوزیشن گوجرانوالہ میں موثر اجتماع کرنے میں ناکام رہی، شمالی وزیرستان میں پاک فوج پر حملے کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں، پاک فوج پر حملے کرنیوالے بھارت کے آلہ کار اور اسلام سے خارج ہیں، جس اپوزیشن میں فضل الرحمان اور اچکزئی ہوں، وہ ملک کی خیر خواہ نہیں، جلسہ میں کروڑوں روپے خرچ کرنیوالے کرپٹ مافیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں، مذہبی حلقوں کو سماجی پابندیوں کا کہنے والے سیاستدان خود اس کی پیروی نہ کرسکے، پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے والے نواز شریف اب جمہوریت کے چمپئن بننے کی کوشش کرتے ہیں، نواز شریف اپنی لڑائی عمران خان سے لڑیں، پاک فوج سے نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صوبائی وزیر سعید الحسن شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عید میلادالنبی مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائیں گے، پاک فوج پر حملے کرنیوالے خارجی ہیں، پاک فوج کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے ہیروز پر فخر کرتی ہے، پاک فوج کے نوجوانوں کی شہادت پر اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، اپوزیشن جلسوں کے ذریعے اپنی کرپشن کا دفاع کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائیں گے، عید میلاد النبی کے جلوسوں پر پابندیوں کی افواہیں پھیلانے والے باز آجائیں، عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں پر کوئی پابندی نہیں، حکومت کے پاس عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں پر پابندی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
خبر کا کوڈ : 892495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش