QR CodeQR Code

دفعہ 370 قیامت تک بحال نہیں ہوگا، بھاجپا

17 Oct 2020 19:02

اجلاس کے بعد رویندر رینہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور میڈیا کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف گپکار اعلامیہ کے زیر سایہ وادی کشمیر میں ایک سازش رچی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کشمیر نشین سیاسی جماعتوں کو سنگین نتائج کا انتباہ دیتے ہوئے بی جے پی کے جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینہ نے گپکار کے اعلامیہ کو مسترد کردیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں قیامت کے دن تک دفعہ 370 کو کبھی بحال نہیں کیا جاسکتا۔ رویندر رینہ نے 13 سماجی اور مذہبی گروپوں کے اجلاس میں شرکت کے بعد رد عمل ظاہر کیا جس میں گپکار الائنس کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اس اجلاس کے بعد رینہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور میڈیا کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف گپکار اعلامیہ کے زیر سایہ وادی کشمیر میں ایک سازش رچی گئی ہے، عبداللہ اور مفتی خاندانوں نے گپکار الائنس یا گپکار ایجنڈا تشکیل دے کر متحد ہوکر اتحاد کیا ہے اور اس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ ملک دشمن ایجنڈا ہے۔

رویندر رینہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ 30 سال سے جموں و کشمیر کے عوام کو عسکریت پسندی کا سامنا کرنا پڑا جس میں سینکڑوں بے گناہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، دفعہ 370 کو جموں و کشمیر سے منسوخ کردیا گیا ہے جس نے علیحدگی پسندی، پاکستان نواز نظریہ اور عسکریت پسندی کو جنم دیا تھا، لہٰذا یہ قیامت کے دن تک کبھی نہیں لوٹ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی حیثیت نے گوجر بکروال، دلت، گورکھا، والمیکی، مغربی پاکستانی مہاجرین، پہاڑی زبان بولنے والے افراد، لداخ یو ٹی کے لوگوں اور وادی کشمیر کے قوم پرست لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی۔ رویندر رینہ نے کہا کہ لوگوں کو قتل کیا گیا اور خصوصی حیثیت کی وجہ سے کنبے تباہ ہوگئے، یہی وجہ تھی کہ آرٹیکل 370 کو ختم کردیا گیا تھا، اس کے منسوخ ہونے کے بعد سے یہاں تک کہ پتھراؤ کا ایک واقعہ بھی پیش نہیں ہوا، نہ ہی کشمیر میں کوئی احتجاج ہوا۔

رویندر رینہ کا مزید کہنا تھا کہ حراست میں لئے گئے رہنماؤں کی رہائی کے بعد سے ان سیاستدانوں نے اپنی قراردادوں سے امن کے لئے مشکلات پیدا کرنا شروع کردی ہیں، اگر وہ لوگوں کے خلاف سازشیں کرنے سے باز نہیں آئے تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، ان کشمیری رہنماؤں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ نریندر مودی ہندوستان کے وزیر اعظم ہیں اور امت شاہ مرکزی وزیر داخلہ، ہم گپکار ایجنڈے پر کبھی بھی عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے جس کو پاکستان اور چین کی کٹھ پتلیوں کی ہدایت پر کام کرنے والے رہنماؤں نے تشکیل دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 892507

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892507/دفعہ-370-قیامت-تک-بحال-نہیں-ہوگا-بھاجپا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org