QR CodeQR Code

قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید، تعداد 8 ہو گئی

17 Oct 2020 15:46

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا جس پر علاقہ مکینوں نے شہداء کے اہل خانہ کے ہمراہ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہو گیا جس کے بعد ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر ضلع اننت ناگ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا، اس طرح محض ایک ہفتے دوران سری نگر، شوپیاں، بڈگام، اور اننت ناگ میں کیے گئے آپریشن میں 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ قابض بھارتی فوج نے ان تمام نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا اور اپنے غیر قانونی و غیر آئینی اقدام کو چھپانے کے لیے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان مسلح تھے اور عسکری کارروائی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا جس پر علاقہ مکینوں نے شہداء کے اہل خانہ کے ہمراہ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور آزادی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کشمیر میں تعلیم کی غرض سے آنے والے تین نوجوانوں کو بھارتی فوج نے ماورائے عدالت قتل کرکے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی تھی تاہم انکوائری میں جعلی مقابلہ ثابت ہو جانے پر اہلکاروں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 892569

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892569/قابض-بھارتی-فوج-کی-جارحیت-میں-ایک-اور-کشمیری-نوجوان-شہید-تعداد-8-ہو-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org