0
Saturday 17 Oct 2020 18:17

سیالکوٹ، کیمیکل ملے مضر صحت دودھ کی فروخت سرعام جاری، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی

سیالکوٹ، کیمیکل ملے مضر صحت دودھ کی فروخت سرعام جاری، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے مختلف شہروں اور مضافاتی علاقوں میں کیمیکل ملے کھلے دودھ  کی فروخت سرعام جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس حوالے سے سیالکوٹ کے شہری سستے داموں بکنے والے مضر صحت دودھ کو خریدنے پر مجبور ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ مضرصحت دودھ کی فروخت سے غریب عوام اور ان کے بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہیں جبکہ انتظامیہ اور دیگر حکام کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ سیالکوٹ اور اس کے گردو نواح سے گوالے دودھ جمع کرکے اسے فروخت کرنے کیلئے شہری علاقوں کا رخ کرتے ہیں، پانی ملے دودھ کو گاڑھا کرنے کیلئے کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے اس دودھ کی سپلائی بھی گندے برتنوں میں کی جاتی ہے۔

اس حوالے سے ماہر صحت کا کہنا ہے کہ آج کل مارکیٹ میں جو کیمیکل ملا کھلا دودھ فروخت کیا جا رہا ہے وہ انتہائی مضر صحت ہے، اس کے استعمال سے بچوں میں وٹامنز کی کمی ہو جاتی ہے، خصوصاً نوزائیدہ بچوں پر اس کے مہلک اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ محکمہ صحت اور فوڈ اتھارٹی بھی ان گوالوں کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے، عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کو مؤثر کارروائی کرنا ہوگی۔ شہریوں نے کہا کہ غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء اسٹالز، ہوٹلوں اور ریڑھیوں پر سرعام فروخت کی جا رہی ہیں اور برتن تک صاف پانی سے دھونے کی زحمت گوارہ نہیں کی جاتی، کھانے پینے کی اشیاء، مشروبات اور تازہ پھلوں کے جوس کی آڑ میں شہریوں اور مسافروں میں بیماریاں بانٹی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے بھی غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جبکہ گندے برتنوں میں کھانا کھانے اور جوسز پینے سے شہری اور مسافر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

اُدھر شہریوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیمیکل ملے کھلے دودھ کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف فی الفور سخت کارروائی کریں اور انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ موت کے سوداگروں کے خلاف سخت کارروائی کرکے اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ بازار یا کسی گوالے سے خریدے ہوئے دودھ کا معیار چیک کرنے اور اسے دیر تک محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ فوری طور پر دودھ کو گرم کر لیں۔ دودھ گرم کرنے کے بعد اس پر جمنے والی ملائی سے اس کے خالص پن کا بڑی آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اگر باقی رہ جانے والی ملائی میں تیل محسوس ہو تو  یہ جان لیں کہ دودھ خالص ہے، اگر یہ خشک محسوس ہو تو دودھ میں ملاوٹ کی گئی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 892582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش