QR CodeQR Code

مسلم پرسنل لاء بورڈ بابری مسجد انہدام کے فیصلے کو چیلنج کریگا، مولانا رابع حسنی ندوی

17 Oct 2020 19:23

بورڈ کے اجلاس میں ملک کی عدالتوں میں مسلم پرسنل لاء بورڈ سے متعلق جاری مقدمات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور قانونی کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئیں۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کی اس عالمی وباء کے دوران مسلم پرسنل لاء بورڈ نے زوم پر مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد کیا اور متعدد امور و مسائل پر غور و خوض کے بعد کئی اہم فیصلے کئے۔ دو دن پر محیط اس میٹنگ کی صدارت بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کی اور کارروائی کو جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی نے چلایا۔ بورڈ کے جنرل سکریٹری اور متعدد ارکان عاملہ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کی سی بی آئی (لکھنؤ) کے بابری مسجد انہدام کے ملزموں سے متعلق فیصلہ پر سخت حیرت اور دکھ کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ کورٹ نے متعدد واقعاتی شہادتوں اور گواہوں کے بیانات اور خود ملزمین کے اقبال جرم کے باوجود ناکافی ثبوت کی بناء پر تمام ملزمین کو بری کردیا۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ نہ جانے کورٹ کس طرح کی شہادتوں کو معتبر سمجھتا ہے۔ بورڈ نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ CBI اس فیصلے کو چیلنج کرے یا نہ کرے لیکن بورڈ اس ناقابلِ فہم فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گا۔

بورڈ کے اجلاس میں بھارت کی عدالتوں میں مسلم پرسنل لاء بورڈ سے متعلق جاری مقدمات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور قانونی کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئیں۔ لیگل کمیٹی کے کنوینر یوسف حاتم مچھالا نے سابری مالا کیس کے ریویو سے متعلق ایک تفصیلی نوٹ عاملہ کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ اس میں مذہبی آزادی، دستور کی دفعہ 25 کا دائرہ اور کسی مذہب کے لئے کیا ضروری اور لازمی ہے جیسے سوالات زیر بحث آئیں گے۔ اس فیصلے کا اثر مسلمانوں اور تمام مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اکثریتی طبقہ کی مذہبی آزادی پر بھی پڑے گا۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ بھی اس مقدمہ میں بحیثیت مداخلت کار شامل ہوگا۔ اجلاس میں اس اندیشہ کا اظہار بھی ہوا کہ رام مندر، دفعہ 370 کے بعد اس حکومت کا اگلا نشانہ یونیفارم سول کوڈ ہوسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 892594

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892594/مسلم-پرسنل-لاء-بورڈ-بابری-مسجد-انہدام-کے-فیصلے-کو-چیلنج-کریگا-مولانا-رابع-حسنی-ندوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org