QR CodeQR Code

ممکن ہےحکمران دسمبر سے قبل ہی استعفیٰ دے کر چلے جائیں، سعید غنی

17 Oct 2020 20:35

کراچی میں ناصر حسین شاہ اور وقار مہدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پہلے جلسے کے بعد وزیراعظم اور وفاقی وزراء کی جو حالت اور بوکھلاہٹ ہے، سمجھ نہیں آرہا کراچی کے جلسے کے بعد انکا کیا حال ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے اور ممکن ہے کہ حکمران دسمبر سے قبل ہی اپنے استعفیٰ دے کر چلے جائیں اور ہمیں استعفیٰ دینے کی ضرورت ہی نہ پڑے، موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت پی ڈی ایم کے پہلے جلسہ سے قبل اور پہلے جلسہ کے بعد ہی لرکھڑا گئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ 18 اکتوبر کو کراچی کا جلسہ ان کو آخری دھکا ثابت ہوگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں سید ناصر حسین شاہ، وقار مہدی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ گجرانوالہ میں کل بہت بڑا جلسہ ہوا تھا، اتوار کو کراچی کا جلسہ اس سے بھی بہت بڑا ہوگا، پی ڈی ایم کے پہلے جلسے کے بعد وزیراعظم اور وفاقی وزراء کی جو حالت اور بوکھلاہٹ ہے، سمجھ نہیں آرہا کراچی کے جلسے کے بعد انکا کیا حال ہوگا؟ وزیراعظم سمیت ان کے وزراء اتنے گوجرانوالہ جلسہ کے بعد گھبرائے ہوئے اور پریشان ہیں، کراچی کا جلسہ ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ اتوار کو کراچی کا جلسہ بڑے ترین تاریخی جلسوں میں سے ایک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گجرانوالہ کے جلسے میں عوام کا جزبہ اور ولولہ دیدنی تھا، وفاقی حکومت نالائق، سیلیکٹڈ ہے، انہوں نے ملک کی بربادی کی ہے، یہ عجیب مخلوق ہیں ان کو معاشی بحران کا نہیں پتا، یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے اور اس حکومت کے جانے میں بہت کم عرصہ باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بلاول بھٹو نے جلسہ میں جو باتیں کہیں  وہ پیپلز پارٹی کا موقف ہے، یہ حکومت مافیا کی حکومت ہے، جس میں چینی مافیا، آٹا مافیا، بجلی اور گیس مافیا سمیت سارے ان کے اے ٹی ایم موجود ہیں، ان مافیا کو بچانے کے لئے موجودہ حکومت کروڑوں لوگوں کو بدحالی میں دھکیل رہی ہے لیکن ہم انہیں اب مزید ایسا نہیں کرنے دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 892609

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892609/ممکن-ہےحکمران-دسمبر-سے-قبل-ہی-استعفی-دے-کر-چلے-جائیں-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org