QR CodeQR Code

ایرانی و عراقی وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو

17 Oct 2020 23:25

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج اپنے عراقی ہم منصب کیساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی، جسمیں مختلف مواقع پر دونوں ممالک کے درمیان طے پانیوالی مفاہمتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج اپنے عراقی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں توسیع پر بھی گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں محمد جواد ظریف نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف مواقع خصوصاً وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطحی عراقی وفد کے دورۂ تہران اور ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کے دورۂ بغداد کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت کی۔

واضح رہے کہ موجودہ عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے انتخاب کے 2 ماہ بعد عراقی وزیر خارجہ فواد حسین اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران کے 2 روزہ دورے پر آئے تھے، جس کے دوران انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، صدر ڈاکٹر حسن روحانی، سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علی شمخانی کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں اور گفتگو کی تھی۔ یاد رہے کہ اس دورے سے ایک ہفتہ قبل ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی بغداد کا دورہ کیا تھا، جس میں عراقی وزیر خارجہ فواد حسین اور وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں اور خطے سمیت بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 892631

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892631/ایرانی-عراقی-وزرائے-خارجہ-کے-درمیان-ٹیلیفونک-گفتگو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org