QR CodeQR Code

کراچی میں اپوزیشن کا آج پاور شو، جلسے میں شرکت کیلئے قافلے پہنچنا شروع

18 Oct 2020 15:46

بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز ہی کراچی پہنچ گئے تھے، جبکہ مریم نواز آج جاتی امرا سے کراچی پہنچی ہیں۔ جلسے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پنڈال میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ باغ جناح میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے احتجاجی جلسے میں شرکت کیلئے سندھ بھر سے قافلے پہنچنا شروع ہوگئے، جلسہ گاہ میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مریم نواز بھی لاہور سے کراچی پہنچ گئیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے مطابق جلسے سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی، جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، ایمل ولی خاں، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، شاہ اویس نورانی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، افتخار حسین، امیر حیدر خان ہوتی، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی اور دیگر خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز ہی کراچی پہنچ گئے تھے، جبکہ مریم نواز آج جاتی امرا سے کراچی پہنچی ہیں۔ جلسے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پنڈال میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، جلسہ گاہ کے پانچ مرکزی دروازے ہیں جس میں تین مردوں کیلئے، ایک خواتین اور ایک دروازہ مرکزی قائدین کی آمدورفت کیلئے مختص ہے۔ جلسہ گاہ میں تمام جماعتوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینر آویزاں کیے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ میں ساؤنڈ اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جلسے کا اسٹیج کنٹینر سے بنایا گیا ہے، جو 20 فٹ اونچا، 160 فٹ چوڑا اور 160 فٹ لمبا ہے۔

جلسہ گاہ میں پیپلز پارٹی کے 15 سو ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے۔ اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جس میں اندرونی سیکیورٹی کے علاوہ ٹریفک کنٹرول، پانی پلانے، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے اور دیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔ جلسہ گاہ میں خواتین کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے، جہاں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گی۔ جلسہ گاہ کے اطراف میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر پارکنگ اور سیکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور مختلف قافلوں کی آمد کیلئے مختلف روٹ کا تعین کیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں داخلے سے پہلے تمام داخلی گیٹ پر واک تھرو گیٹ رکھے گئے ہیں، منتظمین جلسہ کی جانب سے شرکا میں ماسک فراہم کیے جائیں گے اور داخلے سے قبل شرکاء کے ہاتھوں کو سینیٹائزڈ کیا جائے گا۔ جلسے کا آغاز اتوار کو شام ساڑھے 4 بجے ہوگا۔ جلسے کے اسٹیج پر مرکزی اسکرین کے ساتھ 80 فٹ طویل اور 80 فٹ چوڑی ایس ایم بی اسکرین نصب کی گئی ہے۔ اسٹیج پر اسکرین کے نیچے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا بینر آویزاں کیا جائے گا، جس پر مرکزی قائدین کی تصاویر ہوں گی۔

آصف زرداری شرکت نہیں کرسکیں گے۔ جلسہ گاہ کے اطراف سڑکوں پر بھی ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے، جلسہ گاہ میں پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلسے سے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کا ویڈیو لنک خطاب متوقع ہے، جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی علیل ہونے کی وجہ سے جلسے میں شریک نہیں ہوں گے اور ان کے ویڈیو لنک خطاب کا بھی امکان نہیں ہے۔ دریں اثنا کراچی پولیس نے جلسے کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے۔ باغ جناح میں آج 4 ہزار 800 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی میں 30 سینئر پولیس افسران کے سوا 65 ڈی ایس پیز، 870 سب انسپکٹر اور اے ایس آئی ، جبکہ 3 ہزار 740 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 892720

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892720/کراچی-میں-اپوزیشن-کا-ا-ج-پاور-شو-جلسے-شرکت-کیلئے-قافلے-پہنچنا-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org