QR CodeQR Code

آج کراچی والا جلسہ وفاقی حکومت کیلئے ریفرنڈم ثابت ہوگا، ناصر حسین شاہ

18 Oct 2020 17:06

کراچی میں جلسہ گاہ پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ اداروں کو متنازع حزب اختلاف نہیں بلکہ وفاقی حکومت بنا رہی ہے، یہ لوگ صرف جھوٹ بول رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے سب سے زیادہ اہم پاکستان ہے، اس کے بعد عوام اور ہمارے ادارے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کراچی میں جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ جلسہ گاہ پہنچ گئے۔  جلسہ گاہ میں سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ شرمیلا فاروقی، عاجز دهامراہ، آصف خان، شکیل چودھری اور دیگر موجود ہیں۔ اس موقع پر ناصر شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا جلسہ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، وفاقی حکومت نے ملک کو مہنگائی کے بحران میں مبتلا کردیا ہے، وفاقی حکومت سے کسی نے این آر او نہیں مانگا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج کراچی والا جلسہ بھی وفاقی حکومت کیلئے ریفرنڈم ثابت ہوگا، پیلپز پارٹی کیلئے سب سے زیادہ پاکستان اور عوام ہے۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ جلسے میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے انتظامات ہیں، یہ لیڈرشپ طے کرے گی کہ کس کا خطاب ہوگا، جلسے کیلئے کورونا کی ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کو متنازع حزب اختلاف نہیں بلکہ وفاقی حکومت بنا رہی ہے، یہ لوگ صرف جھوٹ بول رہے ہیں، لیڈر شپ پر الزام لگاتے ہیں، سب کچھ ریکارڈ پر موجود ہے، انہوں نے بھی اداروں پر الزام لگائے ہیں، اب فرق اتنا ہے کہ اب یہ حکومت میں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے سب سے زیادہ اہم پاکستان ہے، اس کے بعد عوام اور ہمارے ادارے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 892732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892732/آج-کراچی-والا-جلسہ-وفاقی-حکومت-کیلئے-ریفرنڈم-ثابت-ہوگا-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org