QR CodeQR Code

دو سال سے ایک نقلی شخص وزرات عظمی پر فائز ہے، وزیراعلیٰ سندھ

18 Oct 2020 17:21

کراچی میں پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جو کہتا ہے گھبرانا نہیں ہے وہ اصل میں بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ہمیں بڑی خوشی ہوئی تھی کہ نیا پاکستان آئے گا، انہوں نے خود مان لیا کہ اب اصلی وزیراعظم آئے گا۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کراچی میں پی ڈی ایم کی جلسپ گاہ پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 18 اکتوبر کو کارساز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، آج شہدائے کارساز کا دن منایا جارہا ہے، 177 جیالے اس افسوسناک واقعے میں شہید ہوئے تھے، موجودہ حکومت بے حس حکومت ہے، اس نے عوام کے اوپر مہنگائی کا جو طوفان برپا کیا ہے، عوام پس کر رہ گئے ہیں، اس حوالے سے بھی آج احتجاج کیا جائے گا، مختلف جگہوں سے خاص کر کراچی سے پیپلز پارٹی اور دیگر پارٹیوں کے کارکنان کی بڑی تعداد یہاں آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا کی وجہ سے کرسیوں کو ذرا فاصلے پر رکھا ہے لیکن اس بڑے اجتماع میں کوتاہیوں پر پہلے ہی معذرت کروں گا، جو عوام کے جذبات اس موجودہ حکومت کی نااہلی کے حوالے سے ہیں اس کو میڈیا بہتر انداز میں پیش کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اتنا بےحس کوئی وزیراعظم ہو نہیں سکتا، دو سال سے ایک نقلی شخص وزرات عظمی پر فائز ہے، جو کہتا ہے گھبرانا نہیں ہے وہ اصل میں بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بڑی خوشی ہوئی تھی کہ نیا پاکستان آئے گا، انہوں نے خود مان لیا کہ اب اصلی وزیراعظم آئے گا، آصف علی زرداری اسپتال میں موجود ہیں، یہ وارنٹ بدنیتی کے تحت جاری کئے جارہے ہیں، وہ خود کہہ رہے ہیں کہ وہ نقلی وزیراعظم ہیں اب اصلی آئے گا۔


خبر کا کوڈ: 892734

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892734/دو-سال-سے-ایک-نقلی-شخص-وزرات-عظمی-پر-فائز-ہے-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org