QR CodeQR Code

امریکہ اگر پاکستان کی طرح کورونا کے خلاف اقدامات کرتا تو 10 ٹریلین ڈالر تک بچا سکتا تھا، لارنس سمرز

18 Oct 2020 21:58

سابق امریکی چیف اکانومسٹ کی پاکستان کے اقدامات کی تعریف اور سی این این سے لارنس سمرز کی گفتگو کی تصویر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی شئیر کردی۔


اسلام ٹائمز۔ عالمی بینک کے سابق چیف اکونومسٹ اور اوبامہ انتظامیہ کی اکنامک کونسل کے صدر لارنس سمرز نے پاکستان کے کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کو زبردست قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے اپنے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے لارنس سمرز کا کہنا ہے کہ امریکہ اگر پاکستان کی طرح کورونا کے خلاف اقدامات کرتا تو 10 ٹریلین ڈالر تک بچا سکتا تھا۔ ان کا مزید بتانا تھا کہ کورونا سے متعلق امریکہ کی ناکامی تقریباٗ ناقابل تصور ہے، اگر امریکہ نے کورونا سے متعلق بروقت اقدامات کیے ہوتے تو ہمسایوں کے دس ٹریلین ڈالر کو بچایا جاسکتا تھا۔

سابق امریکی چیف اکانومسٹ کی پاکستان کے اقدامات کی تعریف اور سی این این سے لارنس سمرز کی گفتگو کی تصویر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی شئیر کردی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے ورلڈ ہیلتھ ارگنائزیشن اور ورلڈ اکنامک فورم بھی پاکستان کے کرونا کے خلاف اقدامات کو دنیا کے لیے قابل تقلید قرار دے چکے ہیں۔
پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ، وفاقی اور صوبائی سول انتظامیہ اور پاکستان آرمی نے تاریخی اقدامات سے نہ صرف قیمیتی جانوں کو بچایا بلکہ عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب خطے اور دنیا میں اکثر ممالک کو تنقید کا سامنا ہے پاکستان کی کرونا حکمت عملی کی تعریف اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو کر چیلیجز کو کامیابیوں میں بدل سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف کامیابی کو تسلیم کیا تھا۔ امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد کم ہو رہی ہے جبکہ بھارت میں یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں کے اندر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے موجودہ(اکٹیو) کیسز کی تعداد 20 ہزار تک رہ گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بل گیٹس نے رواں سال کورونا کے خلاف مؤثر علاج ملنے کی امید دلائی تھی۔

بل گیٹس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اینٹی وائرل ادویات اور اینٹی باڈی تھراپیز کی بدولت کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح میں اس سال کے آخر تک نمایاں کمی لانے میں مدد مل سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا قوی امکان ہے رواں سال کے آخر تک نئے ٹولز کے امتزاج سے اموات کی شرح میں نمایاں کمی آجائے گی، جن میں سے بیشتر اس وقت کے لیے ہوں گے جب کوویڈ 19 کی سنگین علامات نظر آئیں۔ بل گیٹس نے کہا کہ اینٹی وائرل دوا ریمیڈیسیور ان چند ادویات میں سے ایک ہے جس کو اس طرح تیار کیا جا سکتا ہے کہ سنگین علامات کے آغاز سے قبل اسے استعمال کیا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 892752

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892752/امریکہ-اگر-پاکستان-کی-طرح-کورونا-کے-خلاف-اقدامات-کرتا-10-ٹریلین-ڈالر-تک-بچا-سکتا-تھا-لارنس-سمرز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org