QR CodeQR Code

نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کے ٹکراو کی سیاست کی ہے، اسد عمر

18 Oct 2020 22:16

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 11 جماعتی اتحاد کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہیں، کراچی کے عوام نے سب سے زیادہ ووٹ تحریک انصاف کو دیا۔ انتخابات میں تحریک انصاف نے کراچی سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ کراچی کے عوام نے11رکنی اتحاد کو مسترد کردیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ہمیشہ اداروں کے ٹکراو کی سیاست کی ہے، نوازشریف کا مسئلہ کسی فرد واحد کے ساتھ نہیں،اداروں کے ساتھ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک سزایافتہ قیدی ہیں، لندن بھاگ گئے ہیں، نواز شریف کی تقریر بھی جمہوریت کو بچانے کےلیے نہیں تھی۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ چوری بچانے کے لیے جلسے کررہی ہے، کراچی جلسے میں کورونا ایس او پیز پر مجرمانہ فعل ہو رہا ہے، کراچی جلسے میں ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے دعویٰ کیا کہ 2 ماہ پہلے ن لیگ کے قائدین نے این آر او مانگا۔ نوا زشریف صاحب آپ کے بھائی اور لوگ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ نوازشریف صاحب آپ اپنے ایلچی ملاقاتوں کے لیے کیوں بھیجتے تھے؟۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تحریک پیسے بچانے کے لیے ہے، نوازشریف کی ساری سیاست منافقت پر مبنی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ میاں صاحب ڈکٹیٹر کے ساتھ کھڑا ہوکر کہتے تھے پنجاب کا قلعہ مضبوط ہے، سپریم کورٹ پر حملے کا جواب میاں صاحب اپ کو دینا ہوگا، معلوم نہیں یہ کراچی جلسے سے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 جماعتی اتحاد کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہیں، کراچی کے عوام نے سب سے زیادہ ووٹ تحریک انصاف کو دیا، انتخابات میں تحریک انصاف نے کراچی سے بڑی کامیابی حاصل کی، کراچی کے عوام نے 11 رکنی اتحاد کو مسترد کردیا ہے،دوسری جانب  وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پہلے نیا پاکستان بنا اور اب نیا عمران خان بن رہا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں سے موجود وزیراعظم اصلی نہیں تھا، اللہ کرے کہ اب کوئی اصلی وزیراعظم آئے،عمران خان نے بھی خود مان لیا ہے کہ اب نیا وزیراعظم آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عدلیہ پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ سستی کر رہی ہے، امید ہے عدلیہ اس بیان کا نوٹس لے گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر دینا وزیراعظم کا کام ہی نہیں ہے،وزیراعظم اپنا کام کرے اور اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنا کام کرنے دیں۔


خبر کا کوڈ: 892756

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892756/نواز-شریف-نے-ہمیشہ-اداروں-کے-ٹکراو-کی-سیاست-ہے-اسد-عمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org