0
Sunday 18 Oct 2020 22:23

پیپلزپارٹی جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتی ہے، خواجہ رضوان عالم 

پیپلزپارٹی جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتی ہے، خواجہ رضوان عالم 
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کی تنظیم کی طرف سے ملک نسیم لابر کی صدارت میں سانحہ کارساز کو 13سال مکمل ہونے پر تمام شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم مہمان خصوصی تھے، تقریب میں سانحہ کارساز میں شدید زخمی ہونے والے ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی نے بھی خصوصی شرکت کی اور ان کو تمام شرکا نے خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر خواجہ رضوان عالم، ڈویڑنل صدر خالد حنیف لودھی، ملک نسیم لابر، سیکرٹری تعلقات عامہ بابو نفیس انصاری، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ، صدر پی وائی او جنوبی پنجاب سید عارف شاہ، ضلعی صدر بہاولپور و سابق ایم پی اے ملک شاہ رخ، سینئر نائب صدور سٹی میاں منظور قادری، ساجد بلوچ، سابق ٹکٹ ہولڈرز چوہدری محمد حسین ارائیں، حاجی شاہد رضا صدیقی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز جمہوریت کے لئے ایک عظیم قربانی ہے۔ 2007ء میں کارساز کے مقام پر ملک کے کونے کونے سے جیالے اپنی عظیم قائد محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے استقبال کے لئے اکھٹے ہوئے تھے جس پر حملہ کرکے بربریت کی بدترین داستان رقم کی گئی جس کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے 180کارکن شہید جبکہ 500سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں غازی کا خطاب دیدیا گیا، آج ہم سانحہ کارساز کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور سانحہ کارساز کو 13سال مکمل ہونے پر اپنے بیان اور پیغام میں مزید کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی پوری تاریخ جمہوریت کے لئے قربانیوں سے لبریز ہے، سانحہ کارساز جمہوریت کو بچانے کے لئے دی گئی قربانیوں میں سے ایک عظیم مثال ہے۔

پیپلزپارٹی جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتی، آج بھی اس ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کی پاداش میں پیپلزپارٹی کی قیادت کو جھوٹے مقدمات میں زبردستی الجھایا جارہا ہے جبکہ کارکنان کو زبردستی قیادت سے دور رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہے، آج بھی کارکن ہر طرح کی مشکلات اور پابندیوں کو عبور کر کے اپنی قیادت تک رسائی پانے میں کامیاب ہوتے ہیں، گوجرانوالہ جلسہ اس کی واضح مثال ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قربانیوں کو بھولنے والی جماعت نہیں ہے، سانحہ کارساز کے تمام شہدا  اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سانحہ کارساز کی 13ویں برسی کے موقع پر جیالے ایک بار پھر عزم کرتے ہیں جمہوریت کی بقاء کے لئے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس راہ میں دی گئی کسی بھی قربانی کو ضائع ہونے نہیں دیں گے۔ اس ملک میں جمہوریت کی آبیاری اور تسلسل کے لئے اپنی قیادت کے شانہ بشانہ ہر تحریک کا حصہ بنیں گے۔
خبر کا کوڈ : 892758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش