0
Sunday 18 Oct 2020 23:22
ٹیکسلا میں وزیر شہری ہوا بازی کا خطاب

نواز شریف نے زبان بند نہ کی تو کھینچنی پڑے گی، غلام سرور خان

بلاول اور مریم نے پاکستان کی بات نہ کی تو بحیرہ عرب میں پھینک دینگے
نواز شریف نے زبان بند نہ کی تو کھینچنی پڑے گی، غلام سرور خان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بلاول اور مریم نواز نے پاکستان کی بات نہ کی تو بحیرہ عرب میں پھینک دیں گے، حکومت پورا زور لگائے گی کہ ملک دشمن نواز شریف کو وطن واپس لایا جائے، اگر نواز شریف کی زبان بند نہ ہوئی تو کھینچنی پڑے گی۔ انہوں نے ٹیکسلا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو بیرون ملک جائیدادیں بنانے کے جرم میں وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا۔ نوازشریف کو واپس لانے کیلئے بھر پور سفارتی کوششیں کی جارہی ہیں۔ نواز شریف پر اور بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔ نواز شریف پر غداری کا مقدمہ درج کرنا عوام کا مطالبہ ہے۔ حکومت پورا زور لگائے گی کہ ملک دشمن نواز شریف کو وطن واپس لایا جائے۔ نوازشریف کے ساتھ ان کی اولاد کو بھی وطن واپس لایا جائے گا۔ اداروں پر الزام تراشی کرکے نوازشریف نے ملک دشمنوں کو خوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز نے پاکستان کی بات نہ کی تو عوام انہیں اٹھا کر بحیرہ عرب میں پھینک دیں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ہر جگہ سے ناکامی کے بعد نواز شریف کو جمہوریت یاد آئی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیانیہ اب کہیں بکنے والا نہیں، وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور سوالات پوچھنے والے ہوتے کون ہیں ان کا مسئلہ کسی فرد کے ساتھ نہیں بلکہ اداروں کے ساتھ ہے، ان کی تقاریر سول بالادستی اور جمہوریت کے لئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کے لئے ہے، نوازشریف کے بھائی اور پارٹی کے لوگ این آراو مانگتے رہے ہیں، نوازشریف کی تنقید ان اداروں پرہے جوان کی اطاعت نہیں کرتے، انہوں نے ایک تقریر میں نیاعمران خان بنادیا۔ وہ دلیر ہیں تو ان کے منہ سے کلبھوشن کانام کیوں نہیں نکلتا۔ اسد عمر نے کراچی میں بحری امور کے وزیر علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، 11 جماعتی اتحادی کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گوجرانوالہ میں کی گئی تقریر پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی تمام سیاست منافقت پر مبنی رہی ہے اور آج بھی منافقت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام تحریک اور بڑی تقریروں کا جمہوریت اور سول بالادستی سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق صرف کرپشن کے پیسے کو بچانا اور سیاسی بھیک کی تحریک ہے۔
خبر کا کوڈ : 892765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش