QR CodeQR Code

کل ایک شخص چیخ چیخ کر اپنی ناکامی کا ماتم کر رہا تھا، مریم نواز

19 Oct 2020 00:26

جناح باغ میں جلسہ سے خطاب میں لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان دباؤ میں رہنے کے باوجود کام کرنا نواز شریف سے سیکھیں، جب آپ 126 دن دھرنے میں بیٹھے رہے تب بھی نواز شریف بوکھلائے نہیں اور الٹے سیدھے بیانات نہیں دیئے، عمران خان کو نواز شریف کے منہ سے اپنا نام سننے کی خواہش ہی رہ جائے گی، اس لیے کہ بڑوں کی لڑائی میں بچوں کا کوئی کام نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں عمران خان کا نام بھی لینا پسند نہیں کرتی اور ایسے جعلی شخص کو وزیراعظم نہیں مانتی، بلاول نے کہا کہ بڑے بڑے آمر نہیں رہے تو یہ کٹھ پتلی حکومت کیا چیز ہے۔ کراچی میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے دوسرے بڑے سیاسی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ کل ایک شخص چیخ چیخ کر اپنی ناکامی کا ماتم کر رہا تھا، ابھی تو ایک ہی جلسہ ہوا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں، ایک ہی جلسے میں وہ شخص دماغی توازن کھو بیٹھا، جعلی اور سلیکٹڈ ہی صحیح اگر آپ وزیراعظم کے عہدے پر بیٹھے ہیں اور مانا آپ پر بہت دباؤ ہے پھر بھی وزیراعظم کی کرسی کی لاج ہی رکھ لیتے، تقریر کے ایک ایک لفظ اور حرکات و سکنات سے آپ کا خوف جھلک رہا تھا اور یہی خوف پاکستانی کے عوام آپ کے چہرے پر دیکھنا چاہتے ہیں، یہ خوف عوام کی طاقت کا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان دباؤ میں رہنے کے باوجود کام کرنا نواز شریف سے سیکھیں، جب آپ 126 دن دھرنے میں بیٹھے رہے، تب بھی نواز شریف بوکھلائے نہیں اور الٹے سیدھے بیانات نہیں دیئے، عمران خان کو نواز شریف کے منہ سے اپنا نام سننے کی خواہش ہی رہ جائے گی، اس لیے کہ بڑوں کی لڑائی میں بچوں کا کوئی کام نہیں، آپ کس خوشی میں اچھل رہے ہیں، آپ پہلے تابعدار ملازم تھے، اب وزیراعظم کی کرسی پر آنے کے بعد وزیراعظم کی تنخواہ لے رہے ہیں۔ میں عمران خان کا نام بھی لینا پسند نہیں کرتی، میں ایسے جعلی شخص کو وزیراعظم نہیں مانتی، اس حکومت کو تسلیم نہیں کرتی اور اس کے الزامات کا جواب دینا پسند نہیں کرتی، مجھے کہا کہ یہ بچی ہے لیکن نانی ہے، میں ایک نہیں دو بچوں کی نانی ہوں، آپ میری نہیں نانی کے مقدس رشتے کی توہین کر رہے ہیں، میں اگر آپ کو نشانہ بنانا چاہوں تو میرے پاس باتیں ہیں، لیکن مجھے یہ زیب نہیں دیتا کہ ایسی باتیں زبان پر لاؤں، یہ رشتے ان لوگوں کو ملتے ہیں، جو ان رشتوں کی عزت اور قدر جانتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 892772

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892772/کل-ایک-شخص-چیخ-کر-اپنی-ناکامی-کا-ماتم-رہا-تھا-مریم-نواز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org