0
Monday 19 Oct 2020 16:19
بلوچستان کے وسائل اور جزیروں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے

ہم ایسی جمہوریت کو مانتے ہیں جس میں برابر کا حق حاصل ہو۔ سردار اختر مینگل

ہم ایسی جمہوریت کو مانتے ہیں جس میں برابر کا حق حاصل ہو۔ سردار اختر مینگل
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا کہ ہم تو 70 برس سے ان کی نظر میں غدار ہیں، محترمہ فاطمہ جناح کو بھی غدار قرار دیا گیا جنہوں نے آئین کو توڑا وہ کیوں غدار نہیں تھے؟ انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد کوئٹہ، ملتان کا جلسہ ہوگا تو کون کون غدار قرار دیئے جائیں گے، موجودہ حکومت کے ساتھ 2018ء سے الائنس ہے جسے خدشات کے باوجود نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک عوام کے لیے بنایا گیا ہے یا ایلیٹ کلاس کے لیے؟ کیا یہ ملک ان کے لیے بنایا گیا ہے جو ڈالر بنا کر بیرون ملک چلے جائیں؟ انہوں نے کہا کہ اب سندھ اور بلوچستان کے جزیروں پر قبضہ کیا جا رہا ہے، بلوچستان کے وسائل اور جزیروں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

بلوچستان وہ سرزمین ہے جہاں یونیورسٹی کے بچے حیات بلوچ کو ماں کے سامنے گولیاں ماری گئیں، فلسطین کا قصہ سنتے ہیں مگر بلوچستان کی مائیں اپنے بچوں کی لاش کی پہچان چہرے سے نہیں جوتے اور پھٹے کپڑوں سے کرتی ہیں، مسنگ پرسن کے واقعات سب سے زیادہ بلوچستان اور سندھ میں ہوتے ہیں، ہم ایسی جمہوریت کو مانتے ہیں جس میں برابر کا حق حاصل ہو، بار بار آئین توڑنے والوں کو محب وطن قرار دیا جاتا ہے۔ کراچی باغ جناح میں جاری پی ڈی ایم کے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہمیں 1947ء سے غدار قرار دیا جا چکا ہے، اب تو ہمارے غداری کے سرٹیفکیٹ دیمک کھا گئی ہے، آپ لوگ نئے نئے غدار ہوئے ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ حقوق کی جدوجہد کرنے والوں پر غداری کے ہی الزام لگتے ہیں. یہاں وہی محب وطن ہیں جو مارشل لا لگاتے رہے ہیں، یا بوٹ چاٹ کر حکومت کرتے ہیں۔ انہوں نے خطاب کے دوران سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا ملک بناتے وقت ہم سے جمہوری ملک کا وعدہ نہیں کیا گیا تھا؟ ہمارے ساتھ عدلیہ کی آزادی، پارلیمنٹ کی بالا دستی، میڈیا کی آزادی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن یہ کیا جمہوریت ہے ایک منتخب وزیراعظم کو پھانسی دے دی گئی. ایک وزیراعظم کو ہٹا کر جلا وطن کر دیا گیا. ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے بچوں کے تحفظ کی بھیک مانگ رہے ہیں، جن لوگوں نے باہر سے ڈالر لے کر دوسروں کی جنگ میں خود کو دھکیل کر معصوم لوگوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگے، ان لوگوں کو حساب دینا ہوگا. ان کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ سندھ اور بلوچستان کے جزائر پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں، ہم کسی کو بلوچستان کے جزائر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 892886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش