QR CodeQR Code

فلسطینی شہریوں نے اماراتی وفد کو مسجد قبۃ السخرہ سے نکال باہر کر دیا

19 Oct 2020 23:17

سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ویڈیوز میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کیساتھ متحدہ عرب امارات کے دوستی معاہدے کے بعد مسجد اقصی میں داخل ہونیوالے ایک اماراتی وفد کو فلسطینی شہریوں کیجانب سے یہ کہتے ہوئے نکال باہر کر دیا گیا ہے کہ غاصب دشمن کیساتھ مل کر سازشیں کرنیوالوں کی فلسطین میں کوئی جگہ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق غاصب صیہونی پولیس کے ہمراہ مسجد اقصی کے احاطے میں داخل ہونے والے اماراتی وفد کو فلسطینی شہریوں کے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد اسے وہاں سے نکال باہر کر دیا گیا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس وفد کے 3 اراکین متحدہ عرب امارات و اسرائیل کے درمیان طے پانے والے اپنے دوستی معاہدے کے بعد مسجد اقصی میں واقع قبۃ السخرہ کے اندر اطمینان کے ساتھ تصاویر بنانے میں مصروف ہیں جس پر فلسطینیوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کر کے انہیں وہاں سے نکال باہر کر دیا گیا۔
 


سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے کہ اماراتی مندوب کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ ہمکلام ہونے کی کوشش پر اسے شدید ردعمل سے دوچار ہونا پڑتا ہے جبکہ فلسطینی شہری واضح الفاظ میں یہ کہتے ہوئے نظر آتا ہے کہ "میرے ساتھ بات نہ کرو.."، "تم بزدل دشمن کے ساتھ مل کر سازشیں کرنے والے ہو!" اور "تم فلسطینیوں کے ساتھ بات کرنے کا حق نہیں رکھتے..!" جس کے بعد مسجد اقصی سے باہر نکلتے اماراتی وفد کو دیکھ کر فلسطینی شہری انہیں وہاں سے دور ہو جانے کا حکم دیتے ہوئے خدا سے دعا کرتا ہے کہ وہ دشمن کے ساتھ سازباز کرنے والوں کی جڑیں اکھاڑ پھینکے۔
 

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی فلسطینیوں کی جانب سے #التطبیع_خیانۃ (اسرائیل کیساتھ دوستی خیانت ہے) کے ہیش ٹیگ کے ساتھ وسیع کمپین چلائی گئی۔ واضح رہے کہ قبۃ السخرہ نامی مسجد،  فلسطینی شہر بیت المقدس کے اندر واقع حرم ابراہیمیؑ اور مسجد اقصی کے احاطے کے اندر واقع ایک چٹان پر مشتمل ہے جو بعض روایات کے مطابق حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سفرِ معراج کا ابتدائی مقام بھی ہے۔






خبر کا کوڈ: 892972

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/892972/فلسطینی-شہریوں-نے-اماراتی-وفد-کو-مسجد-قبۃ-السخرہ-سے-نکال-باہر-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org