0
Tuesday 20 Oct 2020 19:38

کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ کی بےعزتی ہے، گورنر راج لگا کر دکھائیں، بلاول بھٹو زرداری

کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ کی بےعزتی ہے، گورنر راج لگا کر دکھائیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری اور سندھ کے اعلیٰ افسران کی چھٹیوں پر جانے کے معاملے پر کہا ہے کہ پولیس افسران اسی لئے چھٹیوں پر جارہے ہیں کیونکہ ان کی عزت کا سوال ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کیساتھ جو کچھ ہوا انتہائی شرمناک تھا، مذمت کرتا ہوں اور شرمندہ ہوں۔ بلاول بھٹو نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے معاملے پر کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ کے عوام کی بےعزتی ہے، قائداعظم کے مزار پر ایک نعرہ لگانے پر اتنا ڈرامہ کیا گیا، کالعدم تنظیمیں جب قائد کے مزار پر جاکر نعرے لگاتی ہیں ان کے خلاف تو کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی۔ چیئرمین پی پی پی  نے کہا کہ پولیس افسران چھٹی پر جارہے ہیں کیونکہ ان کی عزت کا سوال ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ پولیس کا محکمہ سیاست کا شکار ہو۔

بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کے دوران سوال کیا کہ کون تھے وہ دو لوگ جو آئی جی کو صبح 4 بجے گھر سے لیکر گئے تھے، سب افسران سوال کررہے ہیں کون تھے جو آئی جی سندھ کے گھر پر گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے مزار پر ایک نعرہ لگانے پر اتنا بڑا ایشو بنایا گیا، ایسی کیا ضرورت پڑگئی کہ صبح 4 بجے آئی جی سندھ کو گھر سے لے گئے، اگر پولیس پر دباؤ ڈالا جائے گا تو وہ اپنا کام کیسے کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پولیس پر دباؤ ناقابل برداشت ہے، آئی جی سندھ کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ہے اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے حالیہ واقعے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے مسائل ہیں اس پر ایک فورس یا جماعت قابو نہیں پاسکتی کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک ایسا بحران نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں میں پولیس پولیٹیکل ونگ کی طرح کام کررہی ہے لیکن ادارے کسی ایک جماعت کے نہیں اسی لئے ان کو غیر جانبدار ہوکر کام کرنا چاہیئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پولیس افسران کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران کی بے عزتی ہوئی ہے اس لئے وہ چھٹیوں پر جارہے ہیں لیکن سندھ حکومت کی جانب سے ان کی بے عزتی نہیں ہوئی پھر بھی افسران کو یقین دلاتا ہوں پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ صوبہ اپنی تحقیقات کرے گا لیکن ادارے بھی تحقیقات کریں، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے کہتا ہوں اپنے ادارے کی تحقیقات کریں۔ خیال رہے کہ کچھ دیر قبل کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے بعد سندھ پولیس میں آئی جی اور ڈی آئی جی رینک کے افسران دلبرداشتہ ہوکر چھٹیوں پر چلے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس افسران نے وزیراعلیٰ کی پریس کانفرنس کے بعد آپس میں معاملے پر مشاورت کی اور مشتاق مہر کا ساتھ دینے کا دو ٹوک فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ اور کراچی میں تعینات مزید پولیس افسران نے احتجاجاً چارج چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 893142
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش