QR CodeQR Code

وزیراعظم عوام کی زندگی کا سکون چھین کر کہتے ہیں سکون قبر میں ملے گا، سراج الحق 

20 Oct 2020 22:15

جماعت اسلامی کے امیر کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بے حس حکمرانوں نے عوام کی نیند حرام کردی ہے، حکمران لوگوں کے منہ کا آخری نوالہ بھی چھین لینے پر تلے ہوئے ہیں، خوردونوش کی عام چیزوں کی دو سال میں قیمتیں تین گنا تک بڑھ گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام فاقہ کشی اور حکمران مستی سے زندگی گزار رہے ہیں، حکومت مہنگائی کے کوڑے عوام کے سروں پر برساتی ہے اور ساتھ نعرہ لگاتی ہے کہ گھبرانا نہیں۔ دو سال سے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے چولہے بجھ گئے ہیں، وزیراعظم عوام کی زندگی کا سکون چھین کر کہتے ہیں سکون قبر میں ملے گا۔ حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے پشیمان ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بے حس حکمرانوں نے عوام کی نیند حرام کردی ہے، حکمران لوگوں کے منہ کا آخری نوالہ بھی چھین لینے پر تلے ہوئے ہیں، خوردونوش کی عام چیزوں کی دو سال میں قیمتیں تین گنا تک بڑھ گئی ہیں۔ حکومت کی اپنی صفوں میں موجود مافیاز کی لوٹ مار اور کرپشن نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں، آٹا اور چینی کے لیے لوگوں کو قطاروں میں لگنا پڑتا ہے، حکومت کی نااہلی سے ملکی معیشت ڈوب چکی ہے، جی ڈی پی کی شرح کم ترین سطح پر اور مہنگائی کا گراف بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، بیرونی سرمایہ کاری میں کمی سے کاروبار ٹھپ ہے۔ 

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی آواز بنے گی، ہم لوگوں کو ان پریشانیوں سے نجات دلانے کے لیے میدان میں ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک و قوم کے مسائل کا حل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب میں ہے، اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کی جدوجہد کو تیز کرنا وقت کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف یکم نومبر سے تحریک کا آغاز کر رہی ہے، عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی دلدل سے نکلنے کے لیے موجودہ حکمرانوں کے خلاف اٹھنا اور جماعت اسلامی کی تحریک کے دست و بازو بننا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 893155

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893155/وزیراعظم-عوام-کی-زندگی-کا-سکون-چھین-کر-کہتے-ہیں-قبر-میں-ملے-گا-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org