0
Tuesday 20 Oct 2020 22:28

ماہ ربیع الاول کو ماہ پیغام رسالت کے طور پر منائیں گے، ملک عامر علی وینس

ماہ ربیع الاول کو ماہ پیغام رسالت کے طور پر منائیں گے، ملک عامر علی وینس
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نوجوان کونسل کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے موقع پر مرکزی میلاد ریلی بستی دریباں مسجد فیضان مدینہ سے نکالی گئی جس کی قیادت مرکزی رہنما ملک عامر علی وینس،صدر متحدہ میلاد کونسل زاہد بلال قریشی،ڈویژنل صدر پاکستان سنی تحریک خواجہ ندیم مدنی صدیقی ودیگر قائدین متحدہ میلاد کونسل نے کی مقررین نے ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نوجوان کونسل ماہ ربیع الاول کو ماہ پیغام رسالت کے طور پر منائے گی، حضور نبی کریم (ص) کا یومِ ولادت شایانِ شان طریقے سے منائیں گے، پورے ملتان میں ریلیاں، کانفرنسز اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہم اپنے آقا و مولا کے ولادت باسعادت کا جشن بڑھ چڑھ کر منائیں گے اور پورے ملتان میں مختلف مقامات پر ریلیوں، کانفرنسز کا انعقاد کرکے نوجوانوں میں عشق رسول کی شمع روشن کریں گے۔ صدر متحدہ میلاد کونسل زاہد بلال قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج متحدہ میلاد کونسل کے پلیٹ فارم سے دوسرا جلوس انعقاد پذیر ہے، اس پلیٹ فارم سے 28 جلوس 12 ربیع الاول تک نکالے جائیں گے اور ہم اپنے آقا و مولا کا جشن مناتے رہیں گے۔

پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر خواجہ ندیم مدنی صدیقی نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم (ص) کی ولادت کی خوشیاں منانا اظہار تشکر کا بہترین ذریعہ ہے۔ اسوہ رسول (ص) ایک مکمل ضابطہ حیات اور کامل نمونہ ہے، جشن عیدمیلادالنبی (ص) کے موقع پر غیرشرعی حرکات کو روکنا علما و مشائخ کی اہم ذمہ داری ہے، آپ (ص) کے حسن اخلاق سے نورہدایت کی روشنیاں پوری دنیا میں پھیل گئیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت مومنوں پر بہت بڑا احسان ہے، سرکار دو عالم (ص) کے صدقہ سے ہمیں تمام رحمتیں اور نعمتیں ملی ہیں، عشق نبی میں جینا اور مرنا ہمارے اسلاف نے ہمیں سکھایا ہے، آپ (ص)کے تربیت یافتہ افراد نے لوگو ں کے دلوں پر حکمرانی کی، دینِ اسلام دعووں کی بجائے عملی واقعات کا متقاضی ہے۔
خبر کا کوڈ : 893160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش